روزن
چپ کے بند کِواڑ کے پیچھے
کیا رکھا ہے؟
تم کیا جانو کیا رکھا ہے
کتنے سوالوں کے پردے میں
آئے روز بھکاری آ کر
دروازے پر صدا لگائیں
راتیں صدیوں تک چلتی ہیں
دن دو پل میں کٹ جاتے ہیں
ذات کے اس بوسیدہ کھنڈر کی دیواریں
گذرے برسوں کی سیلن کو گلے لگائے
بیٹھی راکھ کریدیں کب سے
سہمی یادیں
بات کریں گی ، وہ بھی خود سے
دستک اندر آتے آتے
ڈیوڑھی سے ہی مُڑ جاتی ہے
سانسیں اتنی بوجھل جیسے
اوس اٹھائے پھرتی ہیں
پھر بھی ہم نے
دھوپ کی خاطر
اک روزن سے آنکھ لگائی
ن م






