رات کے سُونے ماتھے پر
دِیپ کا جُھومر چَمکے گا
آنکھ کی کالی رَینا پر
خواب کا سُورج اُبھرے گا
صُبح تو اِک دن آئے گی
روشنی ہر سُو چھائے گی
یہ چَمَن اِک دِن مَہکے گا
چار سُو پِھر پُھول کِھلیں گے
اور خوشبُو کے موسم بھی
اِن رُتوں سے آن مِلیں گے
شاخ پر پَنچھی چَہکیں گے
رنگ پُھولُوں میں لَہکیں گے
جب کوئی تارا چَمکے گا
جب اُفُق پر ہلچل ہو گی
صُبح پِھر سُورت کے مانَند
آسماں سے نازِل ہو گی
کَل کرے گی آج کرے گی
رات کب تک راج کرے گی
بیچتے ہو تُم لاشوں کو
ظُلم کی پُوجا کرتے ہو
پیٹ کی خاطِر جِیتے ہو
پیٹ کی خاطِر مرتے ہو
خُون سے دامن دھوتے ہو
چین سے کیسے سوتے ہو ؟
یہ سیاہی چَھٹنے کو ہے
ظُلمَتوں کے داعی سُن لیں
چور بھی سارے یہ سُن لیں
اور اُن کے بھائی سُن لیں
جَبَر کی قُوَّت نامَنظُور
جُھوٹ کی طاقت نامَنظُور
آزرؔ جمال

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔