پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رات باقی رہے کہ ڈھل جائے زندگی تُو نہ رُخ بدل جائے…

رات باقی رہے کہ ڈھل جائے
زندگی تُو نہ رُخ بدل جائے

سوچ کی دھوپ میں بدن اُس کا
برف جیسے پگھل پگھل جائے

کس قدر گرم ہے وجود کا لمس
برق چُھو لے تو وہ بھی جل جائے

پہلی پہلی محبتوں کا خمار
باتوں باتوں میں رات ڈھل جائے

اب کے دِل میں وہ درد اُترا ہے
غیر ممکن ہے آج کل جائے

زندگی خوش ہے تیرے وعدوں پر
جیسے بچے کا دِل بہل جائے

اِس قدر محوِ رنجِ ہستی ہُوں
موت آئے تو وہ بھی ٹل جائے

ہجر کی رات ڈھل گئی محسن
اب تو دل سے کہو سنبھل جائے

محسن نقوی

از:-برگِ صحرا ص ۱۳۶/۱۳۷

انتخاب
سفیدپوش