ذوالفقار نقویؔ
خاک سے خاک مِلاؤں تو مِلاؤں کیسے
وحشتِ دشت اُٹھاؤں تو اُٹھاؤں کیسے
کوئی جادہ ہے نہ منزِل، نہ نشانی کوئی
بے خبر پاؤں بڑھاؤں تو بڑھاؤں کیسے
خاک میں میری، دہکتے ہُوئے انگاروں کو
سرد آہوں سے بُجھاؤں تو بُجھاؤں کیسے
آبیاری کے لئے کوئی میسّر ہے بھی
دشت میں پیڑ لگاؤں تو لگاؤں کیسے
آنکھ لگنے ہی نہیں دیتا یہ غوغہ اِک پَل
خواب پلکوں پہ سجاؤں تو سجاؤں کیسے
زخم دَوزی کی دُکاں پر ہے دَرِیدہ کاری
جسم کے چاک سِلاؤں تو سِلاؤں کیسے
چشم کوروں کا ہے اطراف میں ہالہ نقویؔ
دِیدہ وَر کوئی بچاؤں تو بچاؤں کیسے
ذوالفقار نقویؔ

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔