پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دیکھی نہیں سقراط نے دانائی ہماری ورنہ ا…

دیکھی نہیں سقراط نے دانائی ہماری
ورنہ اُسے واجب تھی پذیرائی ہماری

وحشت لیے پھرتی ہے ہمیں قریہ بہ قریہ
سنبھلے سے سنبھلتی نہیں تنہائی ہماری

ٹھوکر پہ رکھا ہم نے کچھ اس طور زمانہ
شاہوں کو کھٹکنے لگی دارائی ہماری

اِس واسطے دنیا میں چلے آئے تھے ہم لوگ
دکھ درد سے ہونا تھی شناسائی ہماری

اک یار نے سمجھا ہے اگر سمجھا ہے ہم کو
دنیا کو تو پھر بھی نہ سمجھ آئی ہماری

قرطاس پہ کچھ سادہ سے الفاظ لکھے تھے
الفاظ میں تصویر نظر آئی ہماری

افتؔخار حیدر

از:-تمثیل ص ۳۶

اِنتِخاب
سفیدپوش