پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دیکھنا جذبِ محبّت کا اثر آج کی رات میرے شانے…

دیکھنا جذبِ محبّت کا اثر آج کی رات
میرے شانے پہ ہے اُس شوخ کا سر آج کی رات

پھول کیا خار بھی ہیں آج گلستاں بہ کنار
سنگریزے ہیں نگاہوں میں گہر آج کی رات

اور کیا چاہئے اب اے دلِ مجروح تجھے؟
اُس نے دیکھا تو بہ اندازِ دگر آج کی رات

پھوٹ نکلا در و دیوار سے سیلابِ نشاط
اللہ اللہ میرا کیفِ نظر آج کی رات

قصرِ گیتی میں امنڈ آیا ہے طوفانِ حیات
موت لرزاں ہے پسِ پردۂ در آج کی رات

اللہ اللہ وہ پیشانئ سیمیں کا جمال
رہ گئی جم کے ستاروں کی نظر آج کی رات

نغمہ و مئے کا یہ طوفانِ طرب کیا کہئے
میرا گھر بن گیا خیّام کا گھر آج کی رات

میری ہر سانس پہ وہ اُن کی توجّہ، کیا خوب
میری ہر بات پہ وہ جنبشِ سر آج کی رات

اُف وہ وارفتگئ شوق میں اک وہمِ لطیف
کپکپائے ہوئے ہونٹوں پہ نظر آج کی رات

اپنی رفعت پہ جو نازاں ہیں تو نازاں ہی رہیں
کہہ دو انجم سے کہ دیکھیں نہ اِدھر آج کی رات

(اسرارالحق مجازؔ)

المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی


Comments

13 responses to “دیکھنا جذبِ محبّت کا اثر آج کی رات میرے شانے…”

  1. بہت خوبصورت غزل ۔۔اسے جگجیت کی آواز میں سننا اور ہی لطف دیتا ہے۔۔۔

  2. بہ انداز دگر کی بلاغت کا جواب نہیں

  3. Aahh Allah hu akbar…. KMAAL kr diya … BHT umda or lateef ghzal mashAllah

  4. مجاز کی اس شاہکار غزَل کے چند اشعار کو جگجیت سنگھ نے خوب گایا ہے

  5. اس نے دیکھا تو بہ انداز دگر آج کی رات

جواب دیں