پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دِل میں ہو یاد تیری گوشہء تنہائ ہو پِھر تو خلوت می…


دِل میں ہو یاد تیری گوشہء تنہائ ہو
پِھر تو خلوت میں عجب عجب انجمن آرائ ہو

آستانہ پہ تِرے سر ہو اجل آئ ہو
اور اے جانِ جہاں تُو بھی تماشائ ہو

خاک پامال غریبوں کو نہ کیوں زِندہ کرے
جِس کے دامن کی ہَوا بادِ مسیحائ ہو

اُس کی قِسمت پہ فِدا تختِ شہی کی راحت
خاکِ طیبہ پہ جِسے چین کی نیند آئ ہو

تاج والوں کی یہ خواہش ہے کہ اُن کے در پر
ہم کو حاصِلِ شرفِ ناصِیہ فرسائ ہو

اِک جھلک دیکھنے تاب کی تاب نہیں عالم کو
وہ اگر جلوہ کریں کون تماشائ ہو

آج جو عیب کِسی پر نہیں کُھلنے دیتے
کب وہ چاہیں گے مِری حشر میں رُسوائ ہو

کیوں کریں بزمِ شبِستانِ جناں کی خواہش
جلوہء یار جو شمعِ شبِ تنہائ ہو

یہی منظُور تھا قُدرت کو کہ سایہ نہ بنے
ایسے یکتا کے لِئے ایسی ہی یکتائ ہو

ذِکرِ خُدّام نہیں مُجھ کو بتادیں دُشمن
کوئ نعمت بھی کسی اور سے گر پائ ہو

جب اُٹھے دستِ اجل سے مِری ہستی کا حِجاب
کاش اِس پردہ کے اندر تِری زیبائ ہو

دیکھیں جاں بخشیِ لب کو تو کہیں خِضر و مسیح
کیوں مرے کوئ اگر ایسی مسیحائ ہو

کبھی ایسا نہ ہُوا اُن کے کرم کے صدقے
ہاتھ کے پھیلنے سے پہلے نہ بھیک آئ ہو

بند جب خوابِ اجل سے ہوں حسنؔ کی آنکھیں
اُس کی نظروں میں تِرا جلوہء زیبائ ہو۔۔۔!
صَلَّى ﷲُ عَلَیہِ واٰلِہٖ وَبَارِکْ وَسَلِّمْ

مولانا حسنؔ رضا خان بریلویؒ
سیّد فصیح الدین سھروردی