پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دِل زمانہ ہُوا شاداب نہیں، شاد نہیں کب بہار آئی ت…

دِل زمانہ ہُوا شاداب نہیں، شاد نہیں
کب بہار آئی تھی اِس باغ میں، کچھ یاد نہیں

نہ نشیمن نہ گُلِستاں کا پتہ چلتا ہے
اب کوئی خاک نہیں ایسی جو برباد نہیں

جو تمھارے لئے، بےنام و نشاں ہو کے رہا
میں وہی ننگِ زمانہ ہُوں تمھیں یاد نہیں

اِس زمانے میں بھی یہ ظرف ہمارا دیکھو
غم وہ رکھتے ہیں جو شرمندۂ فریاد نہیں

ظلم اب بھی وہی کرتے ہو جو کرتے آئے
تم، ستمگر ہی فقط ہو، ستم ایجاد نہیں

سب ہی ممنُونِ کرم، اے غَمِ دَوراں! نکلے
کون گھر فیضِ قدم سے تِرے آباد نہیں

کرلی اِس فن میں بھی گُلچِیں نے مہارت پیدا
سُن رہے تھے، کہ چمن میں کوئی صیّاد نہیں

کلیم عاجزـ