پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دو غزلہ بہادر شاہ ظفرؔ ۔۔۔۔۔ کیا ہُوا مُجھ سے کشی…

دو غزلہ
بہادر شاہ ظفرؔ
۔۔۔۔۔

کیا ہُوا مُجھ سے کشیدہ ہے وہ گر آپ سے آپ
کشِشِ دِل کھینچے گی اُسے اِدھر آپ سے آپ

اِس دِلِ آزار کا کیا جانے ہے کیا خوف مُجھے
دِل دھڑکتا ہے مِرا دو دو پہر آپ سے آپ

ہے ابھی رات کہاں جاتے ہو ماہ لقا
بول اُٹھتا ہے یونہی مُرغِ سَحر آپ سے آپ

گُل بھی دیوانے ہیں تیرے کہ جو آئ ہے بہار
ٹُکڑے کر ڈالے ہیں سب جیب و جِگر آپ سے آپ

آتِشِ شوق سے اُڑتا ہے برنگ سیماب
لگ گئے ہیں دِلِ بیتاب کو پَر آپ سے آپ

دِل سے ہے راہ اگر دِل کو تو ہو جاۓ گی
بے خبر تُجھ کو محبّت کی خبر آپ سے آپ

دِل کے آئینہ کو تو صاف تُو کر دیکھ ذرا
اُس کی صُورت تُجھے آۓ گی نظر آپ سے آپ

اے پری وش تِری آنکھیں وہ بلا ہیں جِن کو
دیکھ کر ہوتا ہے دیوانہ بشر آپ سے آپ

فِکر و تدبیر سے کیا کہ جو ہوتا ہے
ہو رہے گا تِری قِسمت سے ظفرؔ آپ سے آپ۔۔۔!

۔۔۔۔۔

ہوگا ظاہر یہ مِرا دردِ جِگر آپ سے آپ
تُجھ کو ہو جاۓ گی بیدرد خبر آپ سے آپ

وہ کہِیں ہو کوئ چُھپتا ہے مِری آنکھوں سے
ڈھُونڈ لیتی ہے اُسے مِری نظر آپ سے آپ

نہیں کھُلتا ہمیں کِس غُنچہ دہن کا ہے خیال
یوں جو ہم رہتے ہیں چُپ دو دو پہر آپ سے آپ

دِل پہ کُچھ صدمہ غمِ عشق نے پہنچایا ہے
چشم رہتی نہیں اشکوں سے یہ تر آپ سے آپ

ایسے غفلت کدہ میں آۓ کہ ہم بھُول گئے
تھے کہاں اور چلے آۓ کِدھر آپ سے آپ

لبِ شمشیر سے کیا مُژدہ سُنا اے قاتِل
ہنس رہا ہے جو مِرا زخمِ جِگر آپ سے آپ

دے گا جُنبِش جو وہ مِژگاں کو تو ہو جائیں گے
تیرے مجنُوں کی صفیں زیر و زبر آپ سے آپ

کام ہے وقت پہ موقوف جب آجاۓ ہے وقت
تو وہ ہو جاۓ ہے اُس وقت ظفرؔ آپ سے آپ۔۔۔!