دن بھر تو بچوں کی خاطر میں مزدوری کرتا ہوں
رات کو اپنی غیر مکمل غزلیں پوری کرتا ہوں
آج بھی سپرا اسکی خوشبو مل مالک لے جاتا ہے
میں لوہے کی ناف سے پیدا جو کستوری کرتا ہوں
.
مزدور ہوں محنت کا صلہ مانگ رہا ہوں
حق دیجئے خیرات نہیں چاہیے مجھے
……….
رات کی شفٹ چلا کر مجھ کو خوابوں سے محروم کیا
میرے آجر نے میری فطرت پر ڈاکہ ڈالا ہے
……….
اے رات مجھے ماں کی طرح گود میں لے لے
دن بھر کی مشقّت سے بدن ٹوٹ رہا ہے
……….
مل مالک کے کتے بھی چربیلے ہیں
لیکن مزدوروں کے چہرے پیلے ہیں
جلسے ، نعرے ، وعدے , قسمیں تقریریں
اک کرسی کی خاطر کتنے حیلے ہیں
تنویر سپرا ، ، ، (لفظ کھردرے)
آج اتنا جلاؤ کہ پگھل جائے مرا جسم
شاید اسی صورت ہی سکوں پائے مرا جسم
آغوش میں لے کر مجھے اس زور سے بھینچو…!
شیشے کی طرح چھن سے چٹخ جائے مرا جسم
_ تنویر سپرا
.
نام محمد حیات اور تخلص تنویر اور سپرا تھا۔ ۱۹۳۲ء میں داراپور، ضلع جہلم میں پیدا ہوئے۔ وہ ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ تنگ دستی کی وجہ سے اسکول کی تعلیم کے بعد نوعمری ہی میں محنت مزدوری کرنے لگے۔ قیام پاکستان کے بعد کراچی میں دس سال تک مزدوری کرتے رہے۔ بعد ازاں جہلم میں دوسال تک پرچون فروشی کی ۔ اس کے بعد ۱۹۵۹ء میں ٹوبیکوکمپنی، جہلم سے وابستہ ہوگئے۔۱۳؍دسمبر۱۹۹۳ء کو اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔ ان کے شعری مجموعے کا نام ’’لفظ کھردرے‘‘ ہے۔

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔