دل میں جو درد ہے وہ نگاہوں سے ہے عیاں
یہ بات اور ہے نہ کہیں کچھ زباں سے ہم
….
علی جواد زیدی کا یومِ پیدائش
10 مارچ 1916
علی جواد زیدی کرہان اعظم گڑھ میں 10 مارچ 1916 کو پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم گھر پر ہوئی لکھنؤ یونیورسٹی سے بی اے کیا۔علی جواد زیدی بھی کمیونسٹ پارٹی کے باقاعدہ ممبر بن گئے اور آزادی کی جد وجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ علی جواد زیدی کو ان کی ادبی اور سماجی خدمات کے لئے 1988 میں پدم شری کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
7 دسمبر 2004 کو انتقال ہوا۔
..
تیرے ہلکے سے تبسم کا اشارا بھی تو ہو
تا سر دار پہنچنے کا سہارا بھی تو ہو
شکوہ و طنز سے بھی کام نکل جاتے ہیں
غیرت عشق کو لیکن یہ گوارا بھی تو ہو
مے کشوں میں نہ سہی تشنہ لبوں میں ہی سہی
کوئی گوشہ تری محفل میں ہمارا بھی تو ہو
کس طرف موڑ دیں ٹوٹی ہوئی کشتی اپنی
ایسے طوفاں میں کہیں کوئی کنارا بھی تو ہو
ہے غم عشق میں اک لذت جاوید مگر
اس غم دہر سے اے دل کوئی چارا بھی تو ہو
مے کدے بھر پہ ترا حق ہے مگر پیر مغاں
اک کسی چیز پہ رندوں کا اجارا بھی تو ہو
اشک خونیں سے جو سینچے تھے بیاباں ہم نے
ان میں اب لالہ و نسریں کا نظارا بھی تو ہو
جام ابل پڑتے ہیں مے لٹتی ہے خم ٹوٹتے ہیں
نگۂ ناز کا درپردہ اشارا بھی تو ہو
پی تو لوں آنکھوں میں امڈے ہوئے آنسو لیکن
دل پہ قابو بھی تو ہو ضبط کا یارا بھی تو ہو
آپ اس وادئ ویراں میں کہاں آ پہنچے
میں گنہ گار مگر میں نے پکارا بھی تو ہو
…………………….
