پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خود رَو گلابوں کی خوشبو . پُتلیوں نے کہا ہم کہ …

خود رَو گلابوں کی خوشبو
.
پُتلیوں نے کہا
ہم کہ آہُوئے رم خوردۂ زیست ہیں
تم نے دھاگوں کے سارے سرے اپنے ہاتھوں میں رکھّے ہیں
اور غم کا بارِ گراں ہم نے بے جان چہروں پہ ایسے سجایا ہے
جیسے کہ بکھری چٹانوں پہ خود رَو گلابوں کی خوشبو عبث پھیلتی ہے
نہ ہم شہر یارِ زماں ہیں کہ زنجیر کھینچے کوئی
اور ہم داد رس بن کے اُونچے جھروکے سے اپنی انائے حکومت
نہ ہم آرزوؤں کے کوہِ گراں ہیں
کہ جن تک رسائی تمھارے خیالوں کا
’’ عنقا ‘‘ و ملجا و ماویٰ ہے اور
اندھی آنکھوں کے خوابوں کی تعبیر ہے
( ایسے خوابوں کی تعبیر کب سچ بنی ہے )
نہ اپنے بدن میں لہو کے سمندر رواں ہیں
کہ جن کی شفق رنگ لہریں، دھنک رنگ لہریں تمھارے خیالوں میں
اُڑتے پرندوں کے پر کھولتی ہیں
کہ ہم پتلیاں ہیں
جنھیں صبحِ تخلیق سے وقت کی خشک لکڑی نے بے جان چہرے
ودیعت کیے ہیں
کہ ہم تو تمھارے بدن کے بھرے شہر میں صرف ان انگلیوں کے
نشاں ہیں
کہ جن کے اشاروں پہ ہم ناچتے ہیں
.
خالد شریف