خمار شب میں اسے میں سلام کر بیٹھا
منیر نیازی
خمار شب میں اسے میں سلام کر بیٹھا
جو کام کرنا تھا مجھ کو وہ کام کر بیٹھا
قبائے زرد پہن کر وہ بزم میں آیا
گل حنا کو ہتھیلی میں تھام کر بیٹھا
چھپا گیا تھا محبت کا راز میں تو مگر
وہ بھول پن میں سخن دل کا عام کر بیٹھا
جو سو کے اٹھا تو رستہ اجاڑ لگتا تھا
پہنچنا تھا مجھے منزل پہ شام کر بیٹھا
تھکن سفر کی بدن شل سا کر گئی ہے منیرؔ
برا کیا جو سفر میں قیام کر بیٹھا
…..
جب منیر نیازی کی وفات ہُوئی تو ہمارے شہر میں بھی ایک صاحب نے ڈی سی صاحب کو اس بات پہ راضی کر ہی لیا کہ منیر نیازی کی یاد میں ایک یادگار تقریب کا انعقاد ضرور ہونا چاہیے۔۔۔سرکاری طور پہ خطیر رقم جاری کی گئی اور شہر کی اہم شخصیات نے بھی دل کھول کے حصہ ملایا۔۔۔۔زرِ کثیر جمع ہو ہی گیا۔۔۔۔تقریب منعقد ہُوئی ۔۔۔۔شرکت کرنے والے حضرات نے منیر نیازی پہ بات کی مگر زیادہ زور تقریب کو مقامی سطح کا مشاعرہ بنانے پہ صرف کیا گیا۔۔۔جو مقررین و شعراء تھے وہی سامعین بھی تھے۔۔۔۔اگلے روز اخبارات میں دو دو، تین تین کالم کی خبروں کی کوریج دی گئ اور بڑی بڑی تصاویر چھاپی گئیں۔۔۔ خبر کا اہم پہلو یہ تھا کہ سب نے شہر کی انتظامیہ کا شکریہ دل و جان سے ادا کیا تھا۔۔۔۔۔اور عجیب پہلو یہ تھا کہ کہیں بھی منیر نیازی کے اہل خانہ کی امداد کرنے کا کوئی ذکر نہیں تھا۔۔۔کہ منیر نیازی کی بیوہ پہ کیا گزری ہو گی۔۔۔۔۔کیونکہ مرحوم کی تو کوئی اولاد بھی نہیں تھی۔
(حکیم خلیق الرحمٰن)

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔