خالد سجاد احمد کی پیدائش
Dec 15, 1962
آج خوبصورت لب و لہجے کے شاعر جناب خالد سجاد احمد صاحب کی سالگرہ ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منتخب کلام
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عذابِ جان کا یا رب یوں امتحان نہ ہو
خزاں کا پھول بہاروں کے درمیان نہ ہو
زرا سی دیر کوئی مسکرا دیا ہے تو کیا
اب اس قدر بھی مری جان خوش گمان نہ ہو
وہاں کنارہ نہیں ڈوبنا ہی منزل ہے
جہاں سفینے کی قسمت میں بادبان نہ ہو
کہیں زمیں پہ کوئی راستہ بتا ایسا
کہ ساری عمر چلوں جس پر اور تھکان نہ ہو
یہ خاک ہنستی ہوئی یونہی آتی جاتی رہے
مرے خدا کبھی ویراں یہ خاکدان نہ ہو
کہاں کہاں ہیں سبھی رفتگاں نظر آئیں
ہمارے بیچ میں حائل جو آسمان نہ ہو
وہ بن سنور کے بڑی دیر سے ہے پہلو نشیں
مجھے یہ ڈر ہے کہیں یہ مرا گمان نہ ہو
میں سائے میں ہوں مگر پھر بھی جلتا رہتا ہوں
مرا شجر بھی کہیں دھوپ کا مکان نہ ہو
دکھائی دے قد و قامت کے ساتھ تو خالد
کوئی نظر نہ پڑے اتنا بے نشان نہ ہو
………
کون کہتا ہے کہ تصویر میں کم آتا ہے
آنکھ کا خواب ہی تعبیر میں کم آتا ہے
آپ چل کر میں ترے دل کی طرف کیا جاتا
یہ علاقہ مری جاگیر میں کم آتا ہے
مجھ پہ یوں چھاوں نہ کر آ کے گھٹا کی صورت
دل مرا زلفِ گرہ گیر میں کم آتا ہے
آنکھ سے ہوتی ہوئی دیکھ مسلسل بارش
ہجر وہ غم ہے جو تحریر میں کم آتا ہے
شعر سے کیسے کرے گا وہ مداوہ غم کا
درد کا لطف جسے میر میں کم آتا ہے
کس طرح قید کروں جوشِ جنوں کو خالد
یہ وہ قیدی ہے جو زنجیر میں کم آتا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پہلے چادر یہ سر پہ تان کے دیکھ
پھر سبھی رنگ آسمان کے دیکھ
عشق میں کیسی حجتیں جاناں
میں نے جو کچھ كها ہے مان کے دیکھ
اپنی مٹی کو زر نہیں کرتا
مجھ سے کہتا ہے خاک چھان کے دیکھ
پہلے تُو بات کر سلیقے سے
بعد میں زائقے زبان کے دیکھ
کس میں خوشبو نہیں رہی خالد
پھول سب اپنے پھولدان کے دیکھ

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔