حکمرانوں کی منطق بھی کمال ہے، ایک طرف وہ آئی پی پیز ہیں جو تالا لگا کر سکون سے بیٹھے ہیں اور ہم انہیں "بیٹھے بٹھائے” اربوں روپے کے کیپیسٹی چارجز ادا کر رہے ہیں، اور دوسری طرف یہ غریب عوام ہے جو تپتی دھوپ میں لوڈ شیڈنگ کے جھٹکے بھی سہہ رہی ہے اور ان بند کارخانوں کا بل بھی بھر رہی ہے۔ یہ تو وہی بات ہوئی کہ آپ ہوٹل جائیں، مینو کارڈ دیکھ کر واپس آ جائیں اور بیرہ باہر آ کر کہے کہ جناب آپ نے ہماری کرسیوں کو دیکھا ہے اس لیے اب ہالیڈے پیکیج کے پیسے نکالیں۔ اگر ہم ان کمپنیوں کو صرف "بند رہنے” کی تنخواہ دے رہے ہیں تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ بجلی کے کارخانے ہیں یا کوئی شاہی مہمان خانے جہاں عوام کا خون نچوڑ کر چند سیٹھوں کی عیاشیوں کا سامان کیا جا رہا ہے؟
جب عوام ان کی پوری پیداواری صلاحیت کے پیسے اپنی جیب سے بھر رہی ہے، تو پھر یہ "لوڈ منیجمنٹ” کا ڈرامہ کس لیے رچایا جا رہا ہے؟ یہ سراسر ناانصافی ہے کہ پیسے پورے لیے جائیں اور بدلے میں اندھیرے بانٹے جائیں۔ حکامِ بالا کو اب یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا وہ عوام کے نمائندے ہیں یا ان کمپنیوں کے سیلز مین؟ سادہ سی بات ہے، یا تو ان آئی پی پیز کو ہر حال میں چلوائیں تاکہ ملک سے اندھیرے ختم ہوں، یا پھر ان کے ساتھ کیے گئے وہ ظالمانہ معاہدے ختم کریں جن کی قیمت قوم اپنی سانسیں بیچ کر ادا کر رہی ہے۔ اب یہ تماشہ بند ہونا چاہیے کیونکہ عوام "بجلی نہیں تو پیسہ نہیں” کے اصول پر بضد ہے، اور ایسے کاروبار کو دنیا کے کسی بھی کونے میں تجارت نہیں بلکہ کھلی ڈکیتی ہی کہا جاتا ہے۔
منتخب
Source