حُسن بانو !
حُسن بانو !
ازل سے کڑے ،نت نئے ضابطوں میں
مِراجسم سی کر،
مِرا حُسن ہی تو مجھے ساتویں آسما ں سے زمیں پر گراتا رہا
خواب گاہوں میں لا کر سُلاتا رہا
یہ کاکُل کے بَل…… میری سانسوں کے پھندے ہیں
میں جن کی سولی چڑھی ہوں
مِرے نقرئی ہونٹ کی سُرخیو ں کے تلے
میرے ا عجاز ‘ زخمی پڑ ے ہیں
مگرآئنے میں زمانے کی مکرُوہ صورت
مِرے خواب کو منہدِم کر رہی ہے
مجھے جُھرّیوں سے بھرے پوپلے ۔۔۔۔دو دَھنسی پُتلیوں میں دبے
خواب کی پھر سے تزئین کو کوئی مشّاطہ دو
اس خلاے ازل میں گندھے دل کے بہلانے کو کوئی حرّافہ دو
۔ یہ چمکتی لپکتی ہوئی سطح پر تَیرتی منعکس روشنی
کس کی تقصیر ہے؟
حُسن بانو ! کیا ترے پاس اِس وقت کے دائروں سے نکلنے کی
اچّھی سی تدبیر ہے!
حسن بانو ! ہہی اپنے پیروں کی ز نجیر ہے
( ثروت زہرا )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔