پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حناء عنبرین ۔۔۔۔۔۔۔ "صلّی اللّٰہُ علَیہ وَآلِہ وسل…

حناء عنبرین
۔۔۔۔۔۔۔
"صلّی اللّٰہُ علَیہ وَآلِہ وسلّم”

کیسی تہذیب تھی؟
حبس بے جا ,تغافل,تشدد,تجاہل,تساہل سے آراستہ
ان کا پانی شراب اور کھانے میں حلت یا حرمت سے نا آشنا
کون سے لوگ تھے
عورتیں ان کے نزدیک کٹھ پتلیاں
عورتیں محض لذت کا سامان تھیں
سانس تک اپنی مرضی سے لینے سے انجان تھیں
میزباں تھیں نہ مہمان تھیں
عورتیں کس لیے زندگی کی سہولت سے محروم
دل سے بغاوت پہ مجبور تھیں
عورتیں ایسے زخموں سے کیوں چور تھیں
کس لیے پستیوں میں دھکیلا گیا
کس کی خاطر جنوں اور جبری مشقت کو جھیلا گیا
کون سے مرد تھے
کیسے مردوں کے زیر کفالت رکھیں عورتیں
جن کے بازو نحیف اور کمزور تھے
شوہروں اور بھائیوں پہ لعنت ہو یکبارگی
خود کفالت کریں بیٹیاں بہنیں اور بیویاں
اپنے ماں باپ کی اور اولاد کی
اور وہ بھی تو تھے
جو جہانوں کے سردار تھے
جن کی بیٹی کو جنت کی سب عورتوں پر حکومت ملی
بیویوں کی محبت سے سرشار تھے
ان کو عورت کی تقدیس کا پاس تھا اور احساس تھا
عورتوں کو نکالا غلامی کی ذلت سے
قعرِ مُذِلَت سے
وہ ایسے شہ زور تھے
ابن آدم کے وہ رول ماڈل تھے
عظمت کا مینار تھے!
عورتوں کو تحفظ دیا ,بہن بیٹی کا درجہ دیا
وہ جو ازلوں سے پستی کا شاہکار تھیں
سب سے کمتر تھیں بے بس تھیں بے کار تھیں
ان کے حصے میں مال اور وراثت رکھی
ان کے پاؤں کے تلووں میں جنت رکھی
عورتوں کو انہوں نے تقدس عطا کردیا
حق ادا کردیا
…………..
انسانیت کی تکمیل کی خاطر جس اکمل ، اکرم اور بے مثل شخصیت کو تخلیق کیا گیا ان کے ظہور سے پہلے دنیا میں عورت کو زندہ گاڑ دیا جاتا تھا۔۔۔عورت کو پاؤں کی جوتی سمجھا جاتا تھا۔۔۔اس عظیم تر شخصیت کی آمد سے جو تقدس معاشرے کی عورت کو حاصل ہُوا اسے محترمَہ حناء عنبرین نے خوبصورت الفاظ کا جامہ پہنایا ہے۔۔۔
ملاحظہ کیجئے۔ (حکیم خلیق الرحمٰن)