پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حفیظ جالندھری صاحب کا یومِ پیدائش January 14, 19…

حفیظ جالندھری صاحب کا یومِ پیدائش

January 14, 1900

ابو الاثرحفیظ جالندھری پاکستان کے قومی ترانہ کے خالق تھے۔ مگر ان کی مقبولیت بھارت میں کم نہیں تھی۔ تقسیم ملک سے قبل ہی وہ اپنی ادبی حیثیت منوا چکے تھے۔ ان کی دوسری شناخت ”شاہنامہ اسلام“ کے تناظر میں اسلامی تاریخ، تہذیب اور ثقافت کا شعری حوالہ ہے۔ انہوں نے ثقافتی اکتساب کے حوالوں سے اعلیٰ اور ارفعیٰ اور افضل ہستیوں کی ایسی شعری پیکر تراشی کی کہ ان کی تخلیق بر صغیر ہندو پاک میں اپنی نوعیت کی واحد تخلیق قرار پائی۔

دیکھا جو تیر کھا کے کمیں گاہ کی طرف
اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہو گئی
آخر کوئی صورت تو بنے خانہٴ دل کی
کعبہ نہیں بنتا ہے تو بت خانہ بنا دے
مجھے شاد رکھنا کہ ناشاد رکھنا
مرے دیدہ و دل کو آباد رکھنا
ملیں گے تمہیں راہ میں بت کدے بھی
ذرا اپنے اللہ کو یاد رکھنا
عشق نہ ہو تو واقعی موت نہ ہو تو خودکشی
یہ نہ کرے تو آدمی آخر کار کیا کرے

پاکستان میں اس وقت ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت تھی اور حفیظ صاحب چند وجوہات سے اس حکومت سے بہت شاکی تھے۔ تقریر میں تو اس کا اظہا رنہیں کیا لیکن اشعار میں کافی ہدف ملامت بنایا۔ انہوں نے مشاعرے میں جو اشعار پڑھے ان میں سے چند مجھے یاد ہیں:
ہم جس مقام پر ہیں وہاں سب مزے میں ہیں
سب کر رہے ہیں آہ و فغاں سب مزے میں ہیں
یہ بوم، چغد، زاغ و زغن، پیشہ ورنقیب
نوبت درِ مزارِ شہاں سب مزے میں ہیں
شاد عظیم آباد ی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے شاد کی مشہور غزل ”کھلونے دے کے بہلایا گیا ہوں“ کی زمین میں بھی ایک غزل سنائی تھی۔ جس کا مقطع تھا:
حفیظ اہل ادب کب مانتے تھے
بڑے زوروں سے منوایا گیا ہوں
دل ابھی تک جواں ہے پیارے
کس مصیبت میں جان ہے پیارے
تلخ کر دی ہے زندگی اس نے
کتنی میٹھی زبان ہے پیارے
تمہیں نہ سن سکے اگر قصہٴ غم سنے گا کون
کس کی زباں کھلے گی پھر ہم نہ اگر سنا سکے
یوں میں نے جیتی الفت کی بازی
اک بار کھیلا سو بار ہارا
ناکامیِ عشق یا کامیابی
دونوں کا حاصل خانہ خرابی
ان کا بہانہ بر جستہ گوئی
اپنا تبسم حاضر جوابی
ہر قدم جس کو نئی چال نہ چلنی آئے
وہ تو رہزن بھی نہیں راہنما کیا ہو گا
آنے والے کسی طوفاں کا رونا رو کر
نا خدا نے مجھے ساحل پہ ڈبونا چاہا
گزرے ہوئے زمانے کااب تذکرہ ہی کیا
اچھا گزر گیا بہت اچھا گزر گیا
ارادے باندھتا ہوں سوچتا ہوں تو ڑ دیتا ہوں
کہیں ایسا نہ ہو جائے کہیں ویسا نہ ہو جائے
کہو تو راز حیات کہہ دوں حقیقت کائنات کہہ دوں
وہ بات کہہ دوں کہ پتھروں کے دلوں کو بھی آب آب کر دے

حفیظ جالندھری 14 جنوری 1900ءکو جالندھر میں پیدا ہوئے تھے اور 21دسمبر 1982کو لاہور میں انتقال فرمایا۔ انہوں نے اپنی تخلیقات میں چار جلدوں میں شاہنامہ اسلام، نغمہ زاد ‘ سوز و ساز، تلخابہ شریں اور چراغ سحر چھوڑے۔ ان کی شعری کائنات چھ دہائیوں پر محیط ہے اور ان کا یہ دعویٰ درست ہے:
شعر وادب کی خدمت میں جو بھی حفیظ کا حصہ ہے
یہ نصف صدی کا قصہ ہے دو چار برس کی بات نہیں
………..
بشکریہ : وایس آف امریکا اردو سروس