پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حفیظ جالندھری ہم ہی میں تھی نہ کوئی بات یاد نہ تم …

حفیظ جالندھری
ہم ہی میں تھی نہ کوئی بات یاد نہ تم کو آ سکے
تم نے ہمیں بھلا دیا ہم نہ تمہیں بھلا سکے

تم ہی نہ سن سکے اگر قصۂ غم سنے گا کون
کس کی زباں کھلے گی پھر ہم نہ اگر سنا سکے

ہوش میں آ چکے تھے ہم جوش میں آ چکے تھے ہم
بزم کا رنگ دیکھ کر سر نہ مگر اٹھا سکے

رونق بزم بن گئے لب پہ حکایتیں رہیں
دل میں شکایتیں رہیں لب نہ مگر ہلا سکے

شوق وصال ہے یہاں لب پہ سوال ہے یہاں
کس کی مجال ہے یہاں ہم سے نظر ملا سکے

ایسا ہو کوئی نامہ بر بات پہ کان دھر سکے
سن کے یقین کر سکے جا کے انہیں سنا سکے

عجز سے اور بڑھ گئی برہمی مزاج دوست
اب وہ کرے علاج دوست جس کی سمجھ میں آ سکے

اہل زباں تو ہیں بہت کوئی نہیں ہے اہل دل
کون تری طرح حفیظؔ درد کے گیت گا سکے
….

نہ ہی اکادمی ادبیات کے صدر نشین،نہ ترقی پسند مصنفین کے ہمرکاب اور نہ ہی ریڈیو کے پروڈیوسر ۔۔۔۔لوگ تو اُن کے لِکھے گئے قومی ترانے پر اُنگلیاں اُٹھانے سے باز نہیں آتے۔۔تو اُن کو شاعِر کون تسلیم کرے گا!! جبکہ جناب حفیظ جالندھری ایک قادرالکلام شاعِر تھے جِنکو قلَم اور لفظوں پہ مُکمّل دسترَس حاصِل تھی
ابوالاثر جناب جالندھری مترنم تھے اس لیے انہوں نے ہمیشہ ایسے لفظوں کا انتخاب کیا جو غنائیت کے پیکر پر پورے اترتے ہیں۔ غنائیت کا سبب ان کی گیت نگاری بھی ہے۔ انہوں نے دوسری جنگ عظیم کے زمانے میں فوجی گیت لکھے تھے اور گیت کو بھی انہوں نے نئے پیکر عطا کیے۔ شاید اسی لیے آج تک حفیظ جالندھری کی شناخت ابھی تو میں جوان ہوں کے حوالے سے کی جاتی ہے۔ بلا شبہ یہ ایک پر اثر گیت ہے کیوں کہ اس میں جو الفاظ استعمال کیے گئے ہیں وہ اپنی جگہ پر نگینے کی طرح جڑے ہوئے ہیں اور سامع کے دل پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ بھی ہے کہ حفیظ کی غزلوں کا سرمایہ کافی ہے اور حفیظ خود کو غزل گو کہلوانا پسند کرتے تھے۔ انہوں نے غزل میں بہت سے نئے تجربات کیے۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ سلیس زبان کا استعمال کیااور گرد و پیش کے واقعات کو اپنی غزلوں کا موضوع بنایا۔ ایک طرح سے انہوں نے غزل کو فطری پوشاک عطا کی۔۔۔یہ ایک الگ بات ہے کہ جام چڑھا کر شاعری سنانے والوں نے جناب حفیظ جالندھری کو بھی اُسی سلوک سے نوازا جو احسان دانش،ساغر صدیقی اور اقبال ساجد سے رواء رکھا گیا مگر قلم تو حق کی عطاء ہوتا ہے ۔اسی قلم سے علامہ اقبال شکوہ جواب شکوہ تحریر فرماتے ہیں اور اسی قلم سے حفیظ جالندھری شاہنامہ اسلام لکھ کر امر ہو جاتے ہیں۔
حکیم خلیق الرحمٰن
ہم میں ہی تھی نہ کوئی بات، یاد نہ تُم کو آ سکے​
تم نے ہمیں بُھلا دیا ، ہم نہ تمہیں بُھلا سکے

مزید پڑھیں: حفیظ جالندھری کی غزلیں — Hafeez Jalandhari Ghazals کی مزید غزلیں


Comments

3 responses to “حفیظ جالندھری ہم ہی میں تھی نہ کوئی بات یاد نہ تم …”

  1. bohat ahla, sachai likhe he, Hafeez Jalidhari ke lafz haseenao ki tarah gungunate the

جواب دیں