حضورۖ سے عقیدت اور محبت اور اپنے گناہوں پر شرمساری…
حضورۖ سے عقیدت اور محبت اور اپنے گناہوں پر شرمساری کا ایسا اظہار بہت کم نعتوں میں نظر آتا ہے
——————————————————————————
آپ اکیلے مل جائیں تو دامن تھام کے رو لوں گا
دنیا جیسے ایک کھلونا
ہر پہلُو رنگین سِلونا
عمر کٹی ہے سمجھانے میں
اپنے آپ کو بہلانے میں
دفترِ حسرت اپنے خدا کے آگے کیسے کھولوں گا
آپ اکیلے مل جائیں تو دامن تھام کے رو لوں گا
جی غم سے ہے بوجھل بوجھل
رات اندھیری گہرے بادل
اپنے گناہوں کی ہے کہانی
بہتے ہوئے اشکوں کی زبانی
سب کے آگے کیسے بولوں تنہائی میں بولوں گا
آپ اکیلے مل جائیں تو دامن تھام کے رو لوں گا
بھیڑ بہت ہوگی تو کیا غم
میرا مقدر دیدۂ پرنم
جب مہکے خوشبُوئے بَہاری
جب اترے جلوے کی سواری
میں تو سراپا نادم نادم پیچھے پیچھے ہولوں گا
آپ اکیلے مل جائیں تو دامن تھام کے رو لوں گا
(شاذ تمکنت)
اَلّٰلہُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّد وَ عَلٰی آلِ سَیِّدِنَا مُحَمَّد وَ بَارِك وَ سَلِّمْ
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی