حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم
ماں کے حیدر باپ کے زید اور محمدﷺ کے علیؓ
تیری ہستی خامۂ قُدرت کا شہکارِ جلی
مَیں بتاؤں خانۂ کعبہ میں کیوں پیدا ہُوا
بطنِ مادر میں ہی تُو توحید کا شیدا ہُوا
تیرا ہر لمحہ رہا شاہِ رُسل کے ساۓ میں
جِس طرح خوشبُو چڑھے پروان گُل کے ساۓ میں
ساتھ رکھتےتھےمِرے آقاﷺ محاذوں پر تُجھے
کیوں نہ مانُوں قُوّتِ بازُوۓ پیغمبر تُجھے
ناز ہر میداں کو تھا تیری اداۓ حرب پر
سینکڑوں سجدے فِدا تلوار کی اِک ضرب پر
معرفت کا گھر تِرا دِل مسکنِ حکمت دماغ
ہاتھ میں اِسلام کے تیری بصیرت کے چراغ
ایک منزل کے مسافر صُوفیوں کے سِلسِلے
سب جُدا رستوں پہ نِکلے پِھر بھی تُجھ سے جامِلے
تیری چوکھٹ پر زمانے کے سب ان داتا گِریں
تُو ہے وہ گہرا سمندر جِس میں سب دریا گِریں
تیرے قاتِل کی عداوت اپنے ہاتھوں مر گئی
حشر تک زِندہ تُجھے تیری شہادت کر گئی۔۔۔!
حضرتِ مظفّرؔ وارثی
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔