پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حجاب امتیاز علی کا یومِ پیدائش November 04, 1908 ن…

حجاب امتیاز علی کا یومِ پیدائش
November 04, 1908
نام ;عطیہ
ناول نگار, ڈرامہ نگار, افسانہ نگار, ادیب
لاہور(پنجاب) , پاکستان

پیدائش
1908-11-04 حیدرآباد دکن (آندھراپردیش) – بھارت
وفات
1999-03-18 لاہور (پنجاب) – پاکستان

خواتین کے حوالے سے اردو افسانہ نگاری کے عہد شباب میں جب صالحہ عابد حسین، رضیہ، سجاد، عصمت چغتائی، قرۃ العین حیدر اور ان کی دیگر معاصر فکشن نگارعورتوں کی عظمتِ قلم اور فکری بصیرتیں بلندیاں چھورہی تھیں نیز ان کے نقشِ قدم پر چلنے والی متعدد خواتین افسانہ نویس، مثلاًآمنہ ابو الحسن، عفت موہانی، جمیلہ ہاشمی، واجدہ تبسم، رضیہ بٹ، رفیعہ منظور الامین وغیرہ کی تحریریں نئی سوچ اور سماج کی تعمیر کررہی تھیں، تبھی افسانوی دنیا کا ایک معتبر نام حجاب امتیاز علی بھی شہرتوں کی چوٹیوں پر تھا۔ حجاب نہ صرف لاجواب فکشن نگار تھیں، بلکہ غیر منقسم ہندوستان کی پہلی خاتون پائلٹ بھی ہیں۔ انھوں نے اپنے فکر وفن کا پرچم نہ صرف کہانیوں تک محدود رکھا، بلکہ فضائے آسمان میں بھی لہرایا۔ حجاب (1915ء۔1999ء) نے حیدرآباد کے ایک مقتدر اور مہذب گھرانے میں آنکھ کھولی۔ ان کے والد سید محمد اسماعیل نظام حیدر آباد کے فرسٹ سکریٹری تھے۔ حجاب نے عربی، فارسی، اردو اور موسیقی کی تعلیم گھر پر ہی پائی۔ حجاب کی والدہ عباسی بیگم بھی اپنے عہد کی معروف ناول نگار تھیں۔ ان کا ناول ’’زہرہ بیگم‘‘ مقبول ہوا اور فلسفیانہ مقالات کا مجموعہ ’’گل صحرا‘‘ ان کی قابل قدر یادگار ہے۔ حجاب کی شادی 1935 ء میں ڈرامہ انار کلی کے مصنف امتیاز علی تاج سے ہوئی۔ نکاح سے قبل حجاب کا نام حجاب اسماعیل تھا، جو بعد میں حجاب امتیاز علی مشہور ہوگیا۔ حجاب نے انگریزی تعلیم کالج میں حاصل کی، جس میں انھیں عبور حاصل تھا۔ علاوہ ازیں 1936ء میں انھوں نے ناردن لاہور فلائنگ کلب سے ہوا بازی کی سند حاصل کی اور برٹش گورنمنٹ کی وہ پہلی خاتون پائلٹ کہلائیں۔ اسی برس ’’تہذیب نسواں‘‘ میں ان کی ہوا بازی کے متعلق ایک نظم چھپی تھی، جس نے حجاب کو کافی شہرت دی۔ حجاب نے قریب بارہ برس کی عمر میں جب قلم پکڑا تو ’’میری ناتمام محبت‘‘ منظر عام پرآیا۔ یہ فقط ایک افسانہ کا عنوان ہی نہ تھا، بلکہ ایک افسانوی مجموعہ کا نام بھی بن گیا۔ عشقیہ موضوع پر حجاب کی یہ کاوش بہت مقبول ہوئی۔ بارہ برس کی اس کم سن تخلیق کار کو اپنی والدہ سے قلمی تعاون حاصل تھا، جس کی وضاحت حجاب نے کئی مقامات پر کی ہے۔ حجاب کے افسانے فنی اور لسانی دونوں اعتبار سے بلند ہوتے ہیں۔ ان کی تحریروں میں غضب کی دلکشی اور تاثیر ہے۔ ان کے افسانوں میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں، جو ایک کامیاب کہانی کا ر میں ضروری ہیں۔ حجاب کے افسانوں کا پلاٹ اکہرا، چست، درست، مربوط اور مضبوط ہے۔ برجستگی کا لطف اور زبان کی چاشنی بھرپور ہے۔ حجاب نے اپنی تحریروں سے ادب کو نئی جہت دی۔ ناولوں میں ’اندھیرا خواب‘، ’ظالم محبت‘، ’وہ بہاریں یہ خزائیں‘، ’سیاح عورت‘، افسانوی مجموعے ’میری ناتمام محبت‘، ’ممی خانہ‘، ’تحفے اور شگوفے‘ قابل ذکر ہیں۔ علاوہ ازیں انھوں نے دیگر تحریریں بھی یاد گار چھوڑی ہیں۔ حجاب کی زندگی بے حد رنگین تھی۔ ان کی شام زیادہ تر پارٹیوں، ادبی محفلوں، سنیما ہال یاریستوراں میں گزرتی تھی۔ انھیں ہوا بازی کے علاوہ کار ڈرائیونگ، پالتو بلیاں، طوطے اور کبوتر پالنا اور ان کے ساتھ کھیلنا بہت پسند تھا۔ باجود ان تمام مصروفیات کے لکھنے اور پڑھنے کا بھی ان کا وقت مقرر تھا۔ تہذیب نسواں‘ کی ادارتی ذمہ داریاں بھی انھوں نے نبھائیں۔ تاج کے ساتھ لاہور کی علمی وادبی فضا میں رہ کر ان کے ادبی ذوق میں مزید نکھار پیدا ہوا۔