"جینے کی اہمیت" اور ڈاکٹر لین یوتانگ۔۔۔۔۔۔۔!
یوں تو آج کل چین سے متعلق اردو میں شائع ہونے والی ادبی یا علمی کتابوں کو میں ذرا شک کی نگاہ سے ہی دیکھتا ہوں، کہ میرے خیال سے ان کتابوں کے پیچھے علمی ادبی مقاصد سے زیادہ سیاسی صورت حال دخیل ہوتی ہے۔۔۔۔۔ جس قوم کی طرف جس وقت ہمارا سیاسی میلان ہوتا ہے اس وقت بالعموم ہمارے ہاں اس قوم کی زبان کے ادب کے تراجم شائع ہونے لگتے ہیں۔۔۔ خیر یہ ایک طویل مکالمے کی متقاضی بحث ہے۔۔۔۔
ان دنوں میرے ہاتھ ڈاکٹر لین یوتانگ کی کتاب "جینے کی اہمیت" لگی جسے میں نے صرف اس لیے خرید لیا کہ یہ 1937ء میں لکھی گئی تھی اور اردو میں بھی اس کا پہلا ایڈیشن 1977ء سے پہلے شائع ہوا تھا۔۔۔۔ لہذٰا آج کی سیاسی صورت حال سے اس کا براہ راست تعلق نہیں بنتا، یوں بھی یہ کتاب آج کے چین سے لگا نہیں کھاتی۔۔۔۔ اس کا ترجمہ مختار صدیقی نے کیا تھا۔۔۔۔
بنیادی طور پر اس کا مصنف چین کی لوک یا قدیم دانش کو بنیاد بنا کر مختلف حوالوں سے جینے کی اہمیت کو واضح کرتا ہے اور اپنے اسی بنیادی موضوع کی وجہ سے آج کی انسانی تہذیب میں جو رفتہ رفتہ جینے کی اہمیت سے عاری ہوتی جارہی ہے، یہ کتاب ہر خاص و عام کے لیے ضروری ہے۔۔۔۔ میں تو کہوں گا کہ کسی طرح اسے اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے طلبا کو پڑھانے کا اہتمام کیا جانا چاہئے۔۔۔۔
بہرحال۔۔۔۔۔ اس کتاب کے آخر میں مصنف کا ایک مضمون جو 1939ء کی دوسری عالمی جنگ کے آغاز کے بعد لکھا گیا، وہ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔۔۔۔ اس مضمون میں سے ایک غور طلب اقتباس ملاحظہ کیجیے۔۔۔۔۔
"تہذیب کو تو اصل میں زندگی کی قدروں کے ان بدلتے تصورات سے سخت خطرہ لاحق ہے جو بعض قسم کے سیاسی عقیدوں کا نتیجہ ہیں۔ یہ سیاسی عقیدے انسان کے سادہ اور فطری حقوق زندگی پر براہ راست چھاپا مارتے ہیں اور ان حقوق و مراعات کو اجتماعی طور پر مرنے مارنے کی 'قومی ضرورت' کا تابع کر دیتے ہیں۔ اس صورت مرنے مارنے کی اہمیت، جینے کی اہمیت پر فوقیت پا لیتی ہے۔ اور ہر آمرانہ نظام کا یہی بنیادی نکتہ ہے۔۔۔"
(صفحہ 511 تا 512…… نیشنل بک فاؤنڈیشن)
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2944898199074027

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔