جو چاہتا ہے’ کرے آشنائی خوش بُو سے
مہَک رہی ہے مکمّل خدائی خوش بو سے
ہر ایک شخص پہ میں اِس لیے نہیں کُھلتا
ہے میرا سلسلہ اِک ماورائی خوش بو سے
میں پہلی بار محبّت میں مبتلا ہوا ہوں
سو لے رہا ہوں ابھی رہ نمائی خوش بو سے
خیال و خواب میں جسموں کا اِختلاط ہوا
تصوُّرات میں خوش بو لگائی خوش بو سے
یہ رنگ روپ تو ہے عارضی کشش ‘ ورنہ
ہر ایک پھول نے شہرت کمائی خوش بو سے
ہمارے جسم مہَکتے تھے اِس لیے ہم لوگ
گریز کرتے رہے کیمیائی خوش بو سے
وگرنہ شاعری اپنا جواز کھو دے گی
میں دُور ہو نہیں سکتا نسائی خوش بو سے
یہ بار بار تو موقع نہیں مِلے گا میاں!
تو ہاتھ کیوں نہ کروں ؟ ہاتھ آئی خوش بو سے
ہوا اڑا کے اسے میرے پاس لے آئی
میں مستفید ہوا ہوں پرائی خوشبو سے
میں اب بھی کھنچتا چلا جا رہا ہوں اُس کی طرف
مِلی نہیں ہے مکمّل رِہائی خوش بو سے
اُسے کہو کہ ہَوا میں نہ ہاتھ لہرائے
میں ہوش کھونے لگا ہوں حنائی خوش بو سے
( اعجـــاز تــوکُّلؔ )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔