جو صورتیں بکھر گئیں ان ماہ و سال میں
ہیں آج تک بسی ہوئی وہم و خیال میں
سب ایک ایک کرکے سفر پر نکل گئے
اک ہم ہی تھے جو رہے مست اپنے حال میں
تم جاؤ گے تو لوٹ کر بھی آؤ گے کبھی
ہم ساری عمر بیٹھے رہے اس خیال میں
وہ سرخرو تھے راستوں کی دھول میں اٹے
ہم ڈھونڈتے پھرے جنہیں شہرِ خیال میں
کچھ رنگ آنے والے زمانے کے دیکھ لیں
کب تک گئے دنوں کے رہیں گے ملال میں
پچھلا برس عظیم بڑا ہی طویل تھا
میں بوڑھا ہوگیا ہوں اسی ایک سال میں
(محمد عظیم)
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی