جاوید اختر کا یومِ پیدائش Jan 17, 1945 آج معروف نغ…
جاوید اختر کا یومِ پیدائش
Jan 17, 1945
آج معروف نغمہ نگار ، شاعر جاوید اختر کا یومِ پیدائش ہے۔
جان نثار اختر کے گھر 17 جنوری 1945ءمیں جب ایک ننھے بچے نے آنکھ کھولی تو اپنی ایک نظم کے مصرعے ’لمحہ لمحہ کسی جادُو کا فسانہ ہوگا‘ کی نسبت سے اُس بچے کا نام ’جادُو‘ رکھا گیا۔۔۔ کچھ عرصے بعد یہ نام بدل کر ’جاوید‘ کر دیا گیا کہ جادُو سے قریب تر تھا۔۔۔
جاوید اختر نے ایک علمی گھرانے میں پرورش پائی اور ادب سے محبت انہیں گویا وراثت میں نصیب ہوئی۔۔۔ مُضطر خیر آبادی (شاعر) دادا، جان نثار اختر والد تھے تو مجاز لکھنوئی جیسے بلند قامت شاعر جاوید کے ماموں تھے۔۔۔ یہ گھر کے ماحول کا اثر ہی تھا کہ جاوید نے لڑکپن میں ہی اردو اور دنیا کی مختلف زبانوں کا کلاسیکی ادب پڑھنا شروع کر دیا اور جس عمر میں بچے کھیل کود میں دلچسپی لیتے ہیں اس عمر میں جاوید کو اردو کے ہزاروں شعر زبانی یاد تھے۔۔۔ یوں یہ تعجب کی بات نہیں کہ سکول اور کالج میں جاوید تقریروں اور بیت بازی کے لیے شہرت رکھتے تھے۔۔۔