پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثاقبؔ کانپُوری اِتنی تو بہار اِک دِن، وِیرانے تک …

ثاقبؔ کانپُوری

اِتنی تو بہار اِک دِن، وِیرانے تک آجائے!
نِکہت ہی گُلِستاں کی دِیوانے تک آجائے

اے بادہ کشی! اِتنا اعجاز تو پیدا کر
خود عکسِ رُخِ رنگیں پیمانے تک آجائے

رہ رہ کے جلاتا ہُوں مَیں دِل کے چراغوں کو
معلُوم نہیں کب وہ غم خانے تک آجائے

وہ راز جو سینے میں پَوشِیدہ رہا برسوں
نَوبت نہ کہِیں اُس کی، افسانے تک آجائے

اچّھا ہے،محبّت میں یہ ربط نہ پیدا ہو
کیوں ذکر تِرا، میرے افسانے تک آجائے

جِس نے تِری محفِل کی دیکھی ہے بہار اکثر
وہ، رات کبھی میرے کاشانے تک آجائے

اِس آس پہ آیا ہے صحرا کی طرف ثاقبؔ
شاید کہ، ہَوائے گُل وِیرانے تک آجائے

ثاقبؔ کانپُوری