تصویر میں سفید پینٹ اور پھول بوٹے سے سجے چہرے والی جو لڑکی آپ کو نظر آرہی ہے، یہ کوئی ڈمی یا کسی ٹی وی شو کے لیے تیار کیا گیا کردار نہیں ہے بلکہ ایک جیتی جاگتی لڑکی ہے۔ اس لڑکی کی شادی ہورہی ہے اور اسے دلہن بنایا جارہا ہے۔
جی ہاں، یہ شادی بلغاریہ کے ربنووو گاؤں کی پومک کمیونٹی میں ہورہی ہے۔ یہاں دلہن بننا ماڈرن میک اپ، مہندی ، قیمتی زیورات پہننے کا نام نہیں، بلکہ ایک مختلف عمل ہے۔ روایت کے مطابق دلہن کے چہرے کو گاڑھے سفید پینٹ سے اس طرح ڈھانپ دیا جاتا ہے کہ اس کی اصل جلد، اس کے نقوش، اس کے تاثرات سب ختم ہو جاتے ہیں۔ اس کے بعد اس سفید چہرے پر رنگین نگ، چمکدار موتی، اور نقلی پھول پتیوں سے ایسی سجاوٹ کی جاتی ہے کہ چہرہ ایک فن پارہ نظر آنے لگتا ہے۔
جب اس کا چہرہ مکمل تیار ہو جاتا ہے تو اسے بھاری روایتی لباس پہنایا جاتا ہے۔ اس کے بعد ایک اور دلچسپ رسم ہوتی ہے دلہن کے جوتے میں پہلے کچھ پیسے رکھے جاتے ہیں پھر وہ جوتے پہنتی ہے۔ یہ محض ایک رسم نہیں بلکہ اس چیز کی علامت ہے کہ اس کے قدم خالی نہ ہوں۔ جہاں وہ چلے وہاں رزق ہو، برکت ہو اور اس کی نئی زندگی مالی تنگی سے محفوظ رہے۔ دلہن پوری تیار ہو جائے تو بارات آنے کے بعد دلہا اور دلہن کو اونچی کرسیوں پر کھڑا کیا جاتا ہے۔ تاکہ سب انہیں اچھی طرح دیکھ سکیں۔
بارات کے بعد جب دلہن اپنے سسرال پہنچتی ہے تو اس کا شوہر سب رشتے داروں کی موجودگی میں اس کے چہرے سے ایک ایک کر کے موتی، نگ اور سجاوٹ اتارتا ہے اور انہیں ایک سفید کپڑے پر رکھتا جاتا ہے۔ اس کے بعد ململ کے کپڑے سے سفید پینٹ صاف کیا جاتا ہے اور تب پہلی بار اس کا اصل چہرہ سامنے آتا ہے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ سب آخر کیوں کیا جاتا ہے؟
بلغاریہ کی اس کمیونٹی کا ماننا ہے کہ یہ سفید چہرہ دراصل دلہن کا اپنی پرانی شناخت کو پیچھے چھوڑنے کی علامت ہے۔ جب اس کا چہرہ چھپا دیا جاتا ہے تو وہ ایک طرح سے خالی کینوس بن جاتی ہے اور جب یہ سب ہٹایا جاتا ہے تو وہ اپنی نئی زندگی کے سفر کے لیے پرانی یادیں پیچھے چھوڑ کر اپنے شوہر کے سنگ زندگی کا نیا آغاز کرتی ہے۔ ایک طرح سے دلہن یہ عہد کرتی ہے کہ اپنی نئی زندگی سچے دل سے شوہر اور اس کے گھر والوں کے ساتھ گزارے گی۔
یہ رسومات ہمیں عجیب ضرور لگ سکتی ہیں لیکن یہ ہم سے کچھ دور ایک الگ دنیا کے کچھ الگ باشندوں کا خوبصورت طرز زندگی اور ثقافت ہے جو انہیں پوری دنیا میں الگ پہچان دلاتی ہیں۔
صباایشل
Source