ترجمہ کرنا اور ترجمہ پڑھنا دو الگ عمل ہیں۔ اگرچہ کچھ لوگ مسائل کی وجہ سے اور آئیڈیل ازم کے زیراثر تراجم کرنے کے عمل کو درست یا احسن نہیں گردانتے یا زیادہ فائدہ مند عمل نہیں سمجھتے لیکن وہ برابر تراجم پڑھتے ہیں۔ یہ الگ بات کہ
انہیں اس کا اکثر اوقات احساس نہیں ہوتا۔ کیونکہ وہ تراجم انگریزی زبان میں پڑھتے ہیں۔ (اور ہم انگریزی متن کو بالعموم اوریجنل متن سمجھ کر پڑھتے ہیں۔ یہ بھی عجیب مخمصہ ہے)
اعتراضات کا سارا زور اردو تراجم پر ہوتا ہے اور اس کی وجہ اردو تراجم کا معیاری نہ ہونا ہے۔ انگریزی زبان میں ترجم کا معیار اعتبار حاصل کر چکا ہے۔ لہذا بالعموم ہم فراموش کر بیٹھتے ہیں کہ جس انگریزی متن کا مطالعہ ہم کر رہے ہیں وہ بھی ترجمہ ہے۔ ہم ہومر کو پڑھتے ہیں، دوستوفسکی ، ٹالسٹائی کو پڑھتے ہیں۔ گوئٹے، فلابیر بالزاک، کامیو سب کو پڑھتے ہیں اور تراجم ہی پڑھتے ہیں۔ کیوں کہ یہ ممکن نہیں کہ ہم بیک وقت یونانی، روسی، جرمن، فرانسیسی، جاپانی، چینی، ہسپانوی یا دنیا کی دیگر زبانوں پر عبور حاصل کر لیں اور دنیا کے تمام بڑے شاہکاروں کا اوریجنل متن سے مطالعہ کرسکیں۔ لہذا اگر آپ دنیا کے علم و ادب سے آگاہ رہنا چاہتے ہیں تو تراجم پڑھے بغیر نہیں رہ سکتے۔ اس لیے مسئلہ یہ نہیں کہ ترجمہ ممکن ہے یا نہیں وغیرہ۔ مسئلہ یہ ہے کہ اردو میں تراجم اعتبار کی اس سطح پر فائز ہیں جس سے پر انگریزی تراجم ہیں مگر ہم بھلا دیتے ہیں کہ انگریزی زبان نے ترقی کی جو منازل طے کی ہیں اس کے پیچھے مسلسل ترجموں کے عمل کا کتنا بڑا ہاتھ ہے اور انگریزی زبان کو یہ اعتبار چند سالوں میں نہیں ، صدیوں میں حاصل ہوا ہے۔ ایک دور تھا کہ نیوٹن اپنی کتابیں لاطینی میں لکھا کرتا تھا اور اس کا کہنا تھا کہ انگریزی زبان، اس کے خیالات کو سہارنے کی قوت نہیں رکھتی لیکن آج پوری دنیا میں نیوٹن کو انگریزی زبان میں پڑھا اور سمجھا جاتا ہے۔ بلاشبہ انگریزی زبان نے اپنی Richness اور اظہاری قوت میں، مسلسل تراجم کے عمل سے اضافہ کیا ہے اور اب یہ عالم ہے کہ انگریزی تراجم کے ذریعے ہر زبان کے ادب سے با اعتبار استفادہ کیا جاتا ہے۔ مدعا یہ کہ اصل قصور فن ترجمہ نگاری کا اتنا نہیں ( کہ ترجمہ نگاری کے مسائل بہرحال اپنی جگہ اہمیت بھی رکھتے ہیں اور حقیقت بھی) جتنا اردو میں کیے گئے تراجم کے اعتبار کا ہے۔ لیکن ہمیں یہ ذہن میں رکھنا ہے کہ اردو میں تراجم کو اعتبار حاصل کرنے کے لیے مسلسل تراجم کے عمل سے گزرنا ہوگا اور صرف تراجم کے مسلسل عمل سے ہی نہیں بلکہ تراجم کے فن پر اٹھنے والے مباحث سے فکری سطح پر مسلسل نبرد آزما بھی رہنا ہوگا۔ تراجم پڑھنے یا کرنے سے گریز کی راہ اپنا کر یا اس عمل کو مشکل یا نا ممکن قرار دے کر فرار کا راستہ اپنانا حقیقت سے منہ موڑنے کے مترادف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب اردو میں ترجمہ نگاری کے ذیل میں کی جانے والی سنجیدہ کا وشوں میں اضافہ ہوشرہا ہے۔۔۔
کتاب | فن ترجمہ نگاری نظریات
مصنف | خالد محمود خان
صفحہ نمبر 13، 14
انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی