تجھی تلک نہیں پہنچا ابھی خیال اپنا
یہی کمال نہ آیا تو کیا کمال اپنا؟
نگاہِ ناز نے کچھ شرح بھی نہ کرنے دی
ہزار حیف کہ مہمل رہا سوال اپنا
کسی کے گھر میں غضب کی چہل پہل ہے آج
عجب نہیں ہے کہ سچّا ہو احتمال اپنا
امیدِ وصل نے کس کس کے گھر کیے نہ تباہ؟
مگر ہمیں بخدا! کچھ نہیں ملال اپنا
کوئی تو روئے گا اے شادؔ اپنی محنت پر
کوئی تو یاد کرے گا کبھی کمال اپنا
(شادؔ عظیم آبادی)
انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی