پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بھویں تنتی ہیں خنجر ہاتھ میں ہے تن کے بیٹھے ہیں دا…

بھویں تنتی ہیں خنجر ہاتھ میں ہے تن کے بیٹھے ہیں
داغؔ دہلوی
بھویں تنتی ہیں خنجر ہاتھ میں ہے تن کے بیٹھے ہیں
کسی سے آج بگڑی ہے کہ وہ یوں بن کے بیٹھے ہیں

دلوں پر سیکڑوں سکے ترے جوبن کے بیٹھے ہیں
کلیجوں پر ہزاروں تیر اس چتون کے بیٹھے ہیں

الٰہی کیوں نہیں اٹھتی قیامت ماجرا کیا ہے
ہمارے سامنے پہلو میں وہ دشمن کے بیٹھے ہیں

یہ گستاخی یہ چھیڑ اچھی نہیں ہے اے دل ناداں
ابھی پھر روٹھ جائیں گے ابھی تو من کے بیٹھے ہیں

اثر ہے جذب الفت میں تو کھنچ کر آ ہی جائیں گے
ہمیں پروا نہیں ہم سے اگر وہ تن کے بیٹھے ہیں

سبک ہو جائیں گے گر جائیں گے وہ بزم دشمن میں
کہ جب تک گھر میں بیٹھے ہیں وہ لاکھوں من کے بیٹھے ہیں

فسوں ہے یا دعا ہے یا معمہ کھل نہیں سکتا
وہ کچھ پڑھتے ہوئے آگے مرے مدفن کے بیٹھے ہیں

بہت رویا ہوں میں جب سے یہ میں نے خواب دیکھا ہے
کہ آپ آنسو بہاتے سامنے دشمن کے بیٹھے ہیں

کھڑے ہوں زیر طوبیٰ وہ نہ دم لینے کو دم بھر بھی
جو حسرت مند تیرے سایۂ دامن کے بیٹھے ہیں

تلاش منزل مقصد کی گردش اٹھ نہیں سکتی
کمر کھولے ہوئے رستے میں ہم رہزن کے بیٹھے ہیں

یہ جوش گریہ تو دیکھو کہ جب فرقت میں رویا ہوں
در و دیوار اک پل میں مرے مدفن کے بیٹھے ہیں

نگاہ شوخ و چشم شوق میں در پردہ چھنتی ہے
کہ وہ چلمن میں ہیں نزدیک ہم چلمن کے بیٹھے ہیں

یہ اٹھنا بیٹھنا محفل میں ان کا رنگ لائے گا
قیامت بن کے اٹھیں گے بھبوکا بن کے بیٹھے ہیں

کسی کی شامت آئے گی کسی کی جان جائے گی
کسی کی تاک میں وہ بام پر بن ٹھن کے بیٹھے ہیں

قسم دے کر انہیں یہ پوچھ لو تم رنگ ڈھنگ اس کے
تمہاری بزم میں کچھ دوست بھی دشمن کے بیٹھے ہیں

کوئی چھینٹا پڑے تو داغؔ کلکتے چلے جائیں
عظیم آباد میں ہم منتظر ساون کے بیٹھے ہیں


Comments

2 responses to “بھویں تنتی ہیں خنجر ہاتھ میں ہے تن کے بیٹھے ہیں دا…”

  1. وہ پردہ کب گرائیں گے پرے چلمن کے بیٹھے ہیں
    سبھی ہیں منتظر ان کے سبھی بن ٹھن کے بیٹھے ہیں

    مجھے برباد کرنے کا بہانہ خوب ڈھونڈا ہے
    کہ مجھ کو چھوڑ کر وہ پاس اب دشمن کے بیٹھے ہیں

    سنبھل کر اور ادب سے بات کرنا ان کی محفل میں
    سنا ہے آج وہ بھی سر اٹھا کر تن کے بیٹھے ہیں

    اگرچہ ہے بہت مشہور ان کی بے رخی لیکن
    بہت معصوم میرے سامنے وہ بن کے بیٹھے ہیں

    مرے اشعار کی بزم سخن میں حیثیت کیا ہے
    بہت ہی نامور شعراء یہاں اس فن کے بیٹھے ہیں

    زمانہ بد دعا دینے چلا آیا یہاں پر بھی
    سرہانے جب سے وہ آ کر مرے مدفن کے بیٹھے ہیں

    کبھی تو وہ مریضِ عشق کا احوال پوچھیں گے
    لگا کر آس یہ ساۓ میں اس دامن کے بیٹھے ہیں

    محبت آٹھ گئی ہے اب دلوں سے اس زمانے میں
    پجاری لوگ اب سارے یہاں پر دھن کے بیٹھے ہیں

    بس اتنا جرم تھا کہ آپ سے یہ دل لگایا تھا
    بہت سے لوگ اب دشمن مری گردن کے بیٹھے ہیں

    ذرا مصرع اٹھا کر تو دکھائیں داغ کا ہم کو
    سمجھ کر خود کو جو شاعر یہاں پر تن کے بیٹھے ہیں

    ہے سناٹا کسی طوفان کی اعجاز آمد ہے
    پریشاں باغباں سارے مرے گلشن کے بیٹھے ہیں

    اعجاز قریشی

جواب دیں