پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بدن میں آگ ہے چہرہ گلاب جیسا ہے کہ زہر…

بدن میں آگ ہے چہرہ گلاب جیسا ہے
کہ زہرِ غم کا نشہ بھی شراب جیسا ہے

وہ سامنے ہے مگر تَشنگی نہیں جاتی
یہ کیا سِتم ہے کہ دریا سراب جیسا ہے

کہاں وہ قُرب کہ اب تو یہ حال ہے جیسے
ترے فراق کا عالم بھی خواب جیسا ہے

مگر کبھی کوئی دیکھے کوئی پڑھے تو سہی
دِل آئینہ ہے تو چہرہ کتاب جیسا ہے

بہارِ خوں سے چمن زار بن گئے مقتل
جو نخلِ دار ہے شاخِ گُلاب جیسا ہے

فرازؔ سنگِ ملامت سے زخم زخم سہی
ہمیں عزیز ہے خانہ خراب جیسا ہے

احمد فرازؔ

المرسل: فیصل خورشید