پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

باپ رونے لگا. حقیقت پر مبنی بہت پرسوز غزلیں نوجوان…

باپ رونے لگا.
حقیقت پر مبنی بہت پرسوز غزلیں
نوجوان شاعر جناب "”شھزاد قیس”” کے
ہم قافیہ، ہم ردیف اور ہم وزن چار غزل۔
ہر غزل باپ کے ایک المیے کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
بوڑھے باپ کو چار بنیادی المیے درپیش ہوتے ہیں۔

1۔جذباتی بحران
2۔زمانی بحران
3۔مالی بحران
4۔جسمانی بحران

غزل نمبر 1
پرانے گھر کو گرایا تو باپ رونے لگا
(باپ کا جذباتی بحران)

پرانے گھر کو گرایا تو باپ رونے لگا
خوشی نے دِل سا دُکھایا تو باپ رونے لگا

جو اَمی نہ رہیں تو کیا ہُوا کہ ہم سب ہیں
جواب بن نہیں پایا تو باپ رونے لگا

نہ جانے کب سے وُہ نمبر ملا رَہا تھا مرا
کہ جونہی فون اُٹھایا تو باپ رونے لگا

ہزار بار اُسے روکا تھا میں نے سگریٹ سے
جو آج چھین بجھایا تو باپ رونے لگا

کئی عزیزوں کے مرنے پہ باپ رویا نہیں
جو آج نہ رہا تایا تو باپ رونے لگا

اَکیلے پن کے شکنجے میں اِتنا بے بس تھا
گھڑی نے ایک بجایا تو باپ رونے لگا

نہ جانے قیسؔ نے کس جذبے سے یہ کیا لکھا
کہ جونہی پڑھ کے سنایا تو باپ رونے لگا

غزل نمبر 2
نیا زَمانہ جو آیا تو باپ رونے لگا
(باپ کا زَمانی بحران)

نیا زَمانہ جو آیا تو باپ رونے لگا
پرانا کچھ بھی نہ پایا تو باپ رونے لگا

کل اُس کے دوست کو باہر سے ٹالنے کے بعد
اُسے فقیر بتایا تو باپ رونے لگا

سمجھ میں آئے نہ بوڑھے کے فون کے فیچرز
مذاق میں نے اُڑایا تو باپ رونے لگا

کباڑئیے کو بمشکل بہت سا کاٹھ کباڑ
جو آج بیچ کے آیا تو باپ رونے لگا

کل ایک شہر زَدہ کو میں گاؤں لے کے گیا
جو گاؤں ، گاؤں نہ پایا تو باپ رونے لگا

پرانی چیزوں کی بوسیدہ سی دُکان میں قیسؔ
جب آئینہ نظر آیا تو باپ رونے لگا

غزل نمبر 3
حکیم کو جو دِکھایا تو باپ رونے لگا
(باپ کا مالی بحران )

حکیم کو جو دِکھایا تو باپ رونے لگا
علاج سستا کرایا تو باپ رونے لگا

ہمیں بنا دِیئے کمرے خود اُس کو ٹی وی پر
مدینہ جب نظر آیا تو باپ رونے لگا

بہن رَوانگی سے پہلے پیار لینے گئی
جو کچھ بھی دے نہیں پایا تو باپ رونے لگا

تمام کمرے تو بچوں میں ہو گئے تقسیم
گلی میں اُس کو سُلایا تو باپ رونے لگا

بٹھا کے رِکشے میں ، کل شب رَوانہ کرتے ہُوئے
دِیا جو میں نے کرایہ تو باپ رونے لگا

کیا ہی کیا ہے بھلا آج تک ہمارے لیے
سوال جونہی اُٹھایا تو باپ رونے لگا

دوائی لے کے وُہ آیا تھا اَب بھی یاد ہے قیسؔ
جو مانگا میں نے بقایا تو باپ رونے لگا

غزل نمبر 4
چھڑی سے چلنا سکھایا تو باپ رونے لگا
(باپ کا جسمانی بحران)

چھڑی سے چلنا سکھایا تو باپ رونے لگا
سہارا دے کے بٹھایا تو باپ رونے لگا

یہ رات کھانستے رہتے ہیں کوفت ہوتی ہے
بہو نے سب میں جتایا تو باپ رونے لگا

جوان بیٹے کو دیکھا تو کھلکھلا اُٹھا
جب آئینہ نظر آیا تو باپ رونے لگا

اَذان بیٹے کے کانوں میں دے رہا تھا میں
اَذان دیتے جو پایا تو باپ رونے لگا

مریضِ قلب کو گاڑی میں ڈالنے کے لیے
جو رات گود اُٹھایا تو باپ رونے لگا

طبیب کہتا تھا پاگل کو کچھ بھی یاد نہیں
گلے سے میں نے لگایا تو باپ رونے لگا

یہ غالبا میرے اَشکوں کی ٹیس تھی کہ قیسؔ
لَحَد میں اُس کو لٹایا تو باپ رونے لگا

شاعر: #شہزادقیس ، مجموعہ کلام: #غزل

بشُکریہ TanHa KHan Peerzada