ایک نظم: نئے چاند کے نام
مرادوں والی بیبیوں کی گودیاں ہری رہیں
کلائیوں میں چاہتوں کی چوڑیاں بھری رہیں
زمیں سے آسمان تک
گلِ ہزار برگ والے راستے کھلے رہیں
سپید، سبز، شہپروں کے طائروں کا
پھر مرے نواح میں نزول ہو
لبوں پہ حرفِ لازوال کے چراغ بھی جلیں
اگر مرے نصیب کی سیاہ شب کو طول ہو
مری امید کی علامتوں کے زندہ جسم پر
قبائے رنگ اسی طرح سجی رہے
گھروں میں روشنی رہے
سروں پہ چاند تاروں والی ٹوپیاں دھری رہیں
مرادوں والی بیبیوں کی گودیاں ہری رہیں
(عرفان صدیقی)
بحوالہ: شہرِ ملال (کلیاتِ عرفان صدیقی، صفحہ 224)