پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ایک زمین کئی شاعِر مرزا اسدُاللّٰہ خان غالبؔ اخت…

ایک زمین کئی شاعِر

مرزا اسدُاللّٰہ خان غالبؔ
اخترؔ شیرانی
عباس تابشؔ
نازؔ مظفر آبادی
•••••••••••••••••••••••••••
مرزا اسدُاللّٰہ خان غالبؔ

دلِ ناداں تجھے ہوا کیا ہے
آخر اس درد کی دوا کیا ہے

ہم ہیں مشتاق اور وہ بیزار
یا الٰہی یہ ماجرا کیا ہے

میں بھی منہ میں زبان رکھتا ہوں
کاش پوچھو کہ مدعا کیا ہے

جب کہ تجھ بن نہیں کوئی موجود
پھر یہ ہنگامہ اے خدا کیا ہے

یہ پری چہرہ لوگ کیسے ہیں
غمزہ وعشوہ و ادا کیا ہے

ہم کو ان سے وفا کی ہے امید
جو نہیں جانتے وفا کیا ہے

جان تم پر نثار کرتا ہوں
میں نہیں جانتا دعا کیا ہے

ہاں بھلا کر ، تیرا بھلا ہوگا
اور درویش کی صدا کیا ہے

میں نے مانا کہ کچھ نہیں غالبؔ
مفت ہاتھ آئے تو برا کیا ہے
•••••••••••••••••••••••••••
اخترؔ شیرانی

اِک محبت تھی، مِٹ چُکی یا ربّ
تیری دُنیا میں اب دھرا کیا ہے

دل میں لیتا ہے چُٹکیاں کوئی
ہائے، اِس درد کی دوا کیا ہے

حُوریں نیکوں میں بٹ چُکی ہوں گی
باغِ رضواں میں اب رکھا کیا ہے

اُس کے عہدِ شباب میں جینا
جینے والو! تمہیں ہُوا کیا ہے

اب دوا کیسی ہے دُعا کا وقت
تیرے بیمار میں رہا کیا ہے

یاد آتا ہے لکھنؤ اخترؔ
خُلد ہو آئیں تو بُرا کیا ہے
••••••••••••••••••••••••••
عباس تابشؔ

شعر لکھنے کا فائدہ کیا ہے
اُس سے کہنے کو اب رہا کیا ہے

پہلے سے طے شدہ محبت میں
تُو بتا تیرا مشورہ کیا ہے

سرخ کیوں ہو رہے ہیں تیرے کان
میں نے تجھ سے ابھی کہا کیا ہے

آنکھیں مَل مَل کے دیکھتا ہوں اُسے
دوپہر میں یہ چاند سا کیا ہے

میرا ہم عصر صبح کا تارا
میرے بارے میں جانتا کیا ہے

سوچتے ہونٹ، بولتی آنکھیں
حیرتی کا مکالمہ کیا ہے

شور سا اُٹھ رہا ہے چار طرف
کچھ گِرا ہے مگر گِرا کیا ہے

میں یہاں سے پلٹنا چاہتا ہوں
اے خُدا تیرا مشورہ کیا ہے

جسم کے اس طرف ہے گُل آباد
پھاند دیوار، دیکھتا کیا ہے

میری خود سے مفاہمت نہ ہوئی
تُو بتا تیرا مسئلہ کیا ہے

اس لیے بولنے پہ ہوں مجبور
آپ سوچیں گے سوچتا کیا ہے

یہ بہت دیر میں ہوا معلوم
عشق کیا ہے مغالطہ کیا ہے

میں تو عادی ہوں خاک چھاننے کا
تُم بتاؤ کہ ڈھونڈنا کیا ہے

عشق کر کے بھی کھل نہیں پایا
تیرا میرا معاملہ کیا ہے

میں بنا تھا کھنکتی مٹی سے
میرے اندر سکوت سا کیا ہے
••••••••••••••••••••••••••
نازؔ مظفر آبادی

پوچھتے ہو کہ مدعا کیا ہے
کہنے سننے کو اب رہا کیا ہے

کل تھا مسجود آج فاسد ہوں
ابتدا کیا تھی انتہا کیا ہے

بات ٹھہری جو عدل پر واعظ
پھر یہ منت یہ اِلتجا کیا ہے

وحشتِ عشق، خوفِ رُسوائی
حضرتِ دل یہ ماجرا کیا ہے

خواہشیں ، حسرتیں، تمنائیں
دے کے پوچھا تری رضا کیا ہے

چاند سا جب کہا تو کہنے لگے
چاند کہیے یہ چاند سا کیا ہے

بات بے بات وہ بگڑتے ہیں
نازؔ کیا جانیئے خطا کیا ہے

پیشکش
فاروق کوہاوڑ(سفیدپوش)