ایک زمین
احمد فرازؔ
منظور ہاشمی
۔۔۔۔۔
احمد فرازؔ
آنکھ سے دُور نہ ہو دِل سے اُتر جائے گا
وَقت کا کیا ہے گُزرتا ہے گُزر جائے گا
اِتنا مانُوس نہ ہو خَلوَتِ غَم سے اپنی
تو کبھی خود کو بھی دیکھے گا تو ڈَر جائے گا
ڈُوبتے ڈُوبتے کشتی کو اُچھالا دے دُوں
مَیں نہِیں کوئی تو ساحِل پہ اُتر جائے گا
زِندَگی تیری عطا ہے تو یہ جانے والا
تیری بَخشِش تِری دہلیز پہ دھر جائے گا
ضَبط لازِم ہے مگر دُکھ ہے قِیامَت کا فرازؔ
ظالِم اب کے بھی نہ روئے گا تو مر جائے گا۔۔۔!
۔۔۔۔۔
منظور ہاشمی
شوق جب جُرأتِ اِظہار سے ڈَر جائے گا
لفَظ خود اپنا گَلا گھونٹ کے مر جائے گا
تیز رَفتار ہَواؤں کو یہ اِحساس کہاں
شاخ سے ٹُوٹے گا پَتّا تو کدِھر جائے گا
یہ چَمَکتا ہُوا سُورَج بھی مِری شام کے بعد
رات کے گہرے سَمَندَر میں اُتر جائے گا
صِرف اِک گھر کو ڈبونا ہی نہیں کام اُس کا
اب یہ سیلاب کِسی اور کے گھر جائے گا
ہیں ہر اِک سَمت یہی لوگ یہی دُنیا ہے
اِن سے بَچ کے کوئی جائے تو کِدھر جائے گا
کام اِتنا تو کرے گا یہ اُبلتا ہُوا خُون
سارے مَنظَر میں مِرا رَنگ تو بھر جائے گا۔۔۔!

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔