پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اکؔبر الٰہ آبادی رہی نہ قلب میں قوّت زمانہ سازی ک…

اکؔبر الٰہ آبادی

رہی نہ قلب میں قوّت زمانہ سازی کی
دُعا کرو نہ مِری عمر کی درازی کی

فلک نے ہم کو کِیا منتخب مِٹانے کو
ہمیں سے داد بھی چاہیں خوش امتیازی کی

محرب ایسا مِلا نُسخہ قوم بازی کا
کہ قدر اُٹھ گئی دُنیا سے عشق بازی کی

بہت خلوص سے حاضر رہا مَیں خدمت میں
مگر حضُور نے مجھ سے زمانہ سازی کی

خیال کیا ہو کسی کو بنائے مسجد کا
کہ مسجدوں کو ضرورت ہے اب نمازی کی

ہمیشہ پیشِ نظر ہیں وضو شکن منظر
اس انجمن میں نبھے کِس طرح نمازی کی

ہم اپنے حال پہ افسوس کیا کریں اکؔبر
خُدا نے شان دِکھائی ہے بے نیازی کی
۔
اکؔبر الٰہ آبادی