پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اپنی ماں سے لڑکا تھا جب تو سرکش و باغی تھا میں بہ…

اپنی ماں سے

لڑکا تھا جب تو سرکش و باغی تھا میں بہت
دیتا تھا سرزنش کے مواقع میں بار بار
سختی سے، بالغوں کی طرح سرد مہری سے
کرتا تھا مسترد میں شکایات بے شمار

خود اپنی قوتوں کو بہت کچھ سمجھتا تھا
قسمت کے مرحلوں سے میں بھاگا نہیں کبھی
بچے کی طرح جھینپتا ہوا لیکن آیا ہوں
ماں اب تمہارے پاس تو جرات کی ہے کی

اب ہم اکیلے ہیں تو بتاوں گا ماں تمہیں
کسی کرب سے تڑپتے ہیں میرے دل و جگر
جو گرم و سرد جھیل چکا، ہو چکا سفید
رکھ دوں گا نرم نرم ہتھیلی پہ میں وہ سر

نسبت نہیں تھی مہر و مروت سے کچھ مجھے
طاری تھا مجھ پہ نشہ سا بے جا غرور کا
میں لاابالی پن میں رہا تم سے دور دور
ماں کا خیال کرنا تھا جتنا نہیں کیا

مضطر ہوں بدحواس ہوں چکرا رہا ہے سر
دل کی کراہنے کی صدا ہے یہ پوچھتی:
کیا بوڑھی ماں کو بھول گیا تھا میں واقعی
چھوڑے ہوئے تھا تنہا انہیں ان کے حال پر؟

ایسی نظر سے جس میں ملامت نہیں کوئی
تم فکر مند ہو کے مجھے دیکھتی ہو ماں
اک سرد آہ بھرتی ہو، چپ چاپ ایک اشک
ٹپکاتی ہو کچھ ایسے کہ مجھ سے رہے نہاں

تازہ افق سے منزل آخر کو ہے گیا
تیزی سے جیسے ویسے تمہاری ہتھیلی پر
بیٹا تمہارا فرط ندامت سے رکھتا ہے
اپنا سفید ہوتا، تھکن سے نڈھال سر

شاعر: رسول حمزاتوف
مترجم: منظر سلیم
پیشکش: منظر چوہدری

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2954750258088821