پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اِک برہمن نے کہا ہے کہ یہ سال اچھا ہے نئے وعدوں کا…

اِک برہمن نے کہا ہے کہ یہ سال اچھا ہے
نئے وعدوں کا جو ڈالا ہے وہ جال اچھا ہے
ظُلم کی رات بہت جلد ڈھلے گی
آگ چُولہوں میں ہر اِک روز جلے گی
بُھوک کے مارے کوئی بچہ نہیں روئے گا
چین کی نیند ہر اِک شخص یہاں سوئے گا
آندھی نفرت کی چلے گی نہ کہیں اب کے برس
پیار کی فصل اُگائے گی زمیں اب کے برس
ہے یقیں اب نہ کوئی شور شرابہ ہو گا
ظُلم ہو گا نہ کہیں، خُون خرابہ ہو گا
اوس اور دھُوپ کے صدمے نہ سہے گا
کوئی اب میرے دیس میں بے گھر نہ رہے گا
راہنماؤں نے کہا ہے کہ یہ سال اچھا ہے
"دل کے بہلانے کو غالب یہ خیال اچھا ہے”

صابرؔ دت
صابر دت ہریانہ کے نامور شاعر ہیں