پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اُردُو تُخمِ اُردُو ولیؔ نے بویا تھا اس کی نشو و …

اُردُو

تُخمِ اُردُو ولیؔ نے بویا تھا
اس کی نشو و نُما کا جویا تھا

جیتے جی اِس کو خُون سے سینچا
دیکھتے دیکھتے پَھلا پُھولا

شاخ اِس کی شمال میں آئی
جِس کی خسروؔ نے آبیاری کی

دردؔ و سوداؔ نے اِس کو اپنایا
میرؔ و مومنؔ کا تھا یہ سرمایا

آتشؔ و سوزؔ امیرؔ مینائی
سب ہی تھے دِل سے اِس کے شیدائی

ایسا ماحول سازگار مِلا
لال قلعے میں یہ پَھلا پُھولا

ذوقؔ و غالبؔ نے خوشہ چینی کی
بادشاہوں نے سرپرستی کی

ریختی کا خِطاب اِس کو مِلا
لکھنؤ میں بھی پائی اِس نے جِلا

آگرے کا نظیر بنجارہ
اِک نیا رُوپ جِس نے اِس کو دیا

فانیؔ اقبالؔ داغؔ اور حالیؔ
بعد کے دَور کے تھے یہ مالی

اِس کی قطع و بُرید کرتے تھے
برگ و گُل اور بھی نِکھرتے تھے

ہاں یہی وہ درخت ہے اُردُو
لیکن اب تِیرہ بخت ہے اُردُو

آج بادِ سَمُوم کے جھونکے
چاہتے ہیں کہ مِٹا کے چھوڑیں اِسے

لیکن اے یادگارِ میرؔ و بیاںؔ
یعنی اُردُو بہارِ ہندستاں

تیری عظمت کی کھا رہے ہیں قسم
آنچ تُجھ پر نہ آنے دیں گے ہم۔۔۔!

عبیدہ انجم