اتوار • 4 اکتوبر 2026ء

✦ عالمی ادب

اوریلیانو، جو ماکوندو میں پیدا ہونے والا پہلا انسا…

اوریلیانو، جو ماکوندو میں پیدا ہونے والا پہلا انسان تھا، مارچ میں چھ سال کا ہونے والا تھا۔۔ وہ ایک خاموش طبع اور اپنے آپ میں گم بچہ تھا۔۔ وہ ماں کی پیٹ میں رویا تھا، اور پیدائش کے وقت اس کی آنکھیں کھلی ہوئی تھیں۔۔ جب نال کاٹی جا رہی تھی تو اس نے اپنا سر اِدھر اُدھر گھما کر گردوپیش کا جائزہ لیا تھا، اور کمرے میں موجود چیزوں اور چہروں کا بے خوف تجسس کے ساتھ معائنہ کیا تھا اور پھر ان لوگوں سے لاتعلق، جو اسے قریب سے دیکھنے آئے، کھجور کی چھال کی بنی چھت کو تکتا رہا تھا، جو لگتا تھا مسلسل بارش کے دباؤ سے کسی وقت بھی ڈھے سکتی ہے۔۔

ارسلا کو اپنی بچے کی نگاہ کی شدت اس لمحے تک یاد نہ آئی جب تین سالہ اوریلیانو باورچی خانے میں داخل ہوا، جس وقت وہ ابلتے ہوئے سوپ کو چولھے سے اتار کر میز پر رکھ رہی تھی۔۔۔ باورچی خانے کی دہلیز پر کھڑے بچے نے متحیر ہوکر کہا تھا، " سوپ بہنے والا ہے۔۔! " سوپ کا برتن، حفاظت سے میز کے بیچوں بیچ رکھا تھا، لیکن بچے کے منھ سے یہ الفاظ نکلتے ہی میز کے کنارے کی جانب حرکت کرنے لگا، گویا کسی اندرونی قوت سے کھینچا چلا جا رہا ہو، اور زمین پر گر کر ٹوٹ گیا..!!

••••

ناول : تنہائی کے سو سال
مصنف : گابرئیل گارسیا مارکیز
مترجم : زینت حسام صاحبہ
انتخاب و ٹائپنگ : احمد بلال


بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/3010803079150205