پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انجمؔ رومانی ہر چند انہیں عہد، فراموش نہ…

انجمؔ رومانی

ہر چند انہیں عہد، فراموش نہ ہو گا
لیکن ہمیں اس وقت کوئی ہوش نہ ہو گا

دیکھو گے تو آئے گی تمہیں اپنی جفا یاد
خاموش جسے پاؤ گے خاموش نہ ہو گا

گزرے ہیں وہ لمحے کہ سدا یاد رہیں گے
دیکھا ہے وہ عالم کہ فراموش نہ ہو گا

ہم اپنی شکستوں سے ہیں جس طرح بغل گیر
یوں قبر سے بھی کوئی ہم آغوش نہ ہو گا

پی جاتے ہیں زہر غمِ ہستی ہو کہ مے ہو
ہم سا بھی زمانے میں بلا نوش نہ ہو گا

ہونے کو تو دنیا میں کئی پردہ نشیں ہیں
لیکن تری صورت کوئی روپوش نہ ہو گا

پاؤ گے نہ آزادِ غم انجمؔ کسی دل کو
ہو گا غمِ فروا جو غمِ دوش نہ ہو گا

المرسل: فیصل خورشید