انا للہ وإنا إلیہ راجعون
ہندوستان میں اردو شاعری کا معتبر نام محترم علقمہ شبلی اب ہمارے بیچ نہیں رہے
August 13, 2019
جنونِ شوقِ محبت کی آگہی دینا
خودی بھی جس پہ ہو قرباں وہ بیخودی دینا
نہ شور چاہئے دریا کی تُند موجوں کا
مرے لہو کو سمندر کی چاندنی دینا
تو دے، نہ دے مرے لب کو شگفتگی گل کی
جو دے سکے تو شگوفے کی بے کلی دینا
شناخت جس سے زمانے میں آدمی کی ہے
یہ التجا ہے کہ تو مجھ کو وہ خودی دینا
جھکا سکے نہ مرا سر کوئی بھی قدموں پر
جو ہو سکے تو مجھے تو وہ سرکشی دینا
نقاب الٹ دے جو بڑھ کر رُخِ تمنا سے
یہ آرزو ہے کہ مجھ کو وہ تشنگی دینا
نئی جہات سے فن کو جو آشنا کر دے
مرے قلم کو خدایا وہ کج روی دینا
(علقمہ شبلی)
..
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی
….
علقمہ شبلی صاحب کی پیدائش نومبر 1928 میں بہار صوبہ کے مردم خیز گاوّں ، میرغیاث چک ، ضلع نالندہ میں ہوئی تھی ۔ ان کے والد مولانا عبدالجبار صاحب مدرسہ حمیدیہ ، دربھنگہ ، بہار میں درس و تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے تھے ۔ اپنے والد صاحب کے ساتھ علقمہ شبلی نے عالم و فاضل کی تعلیم حاصل کی ۔ دربھنگہ کے سی ایم کالج سے انھوں نے بی کام کیا اور فارسی ادبیات میں ایم اے کیا ۔ بعد ازاں حصول معاش کے سلسلے سے کولکاتا آگئے اور تدریسی زندگی کا آغاز کولکاتا کے جوبلی انسٹی ٹیوشن سے کیا ۔ اس کے بعد وہ مدرسہ عالیہ سے 1991 میں سبک دوش ہوئے ۔
علقمہ شبلی کی ادبی زندگی آغاز غزل سے کی ۔ تواتر سے نظمیں ، غزلیں قطعات ، رباعیات تخلیق کرتے رہے ۔ ان کا پہلا شعری مجموعہ "بے چہرہ لمحے” 1975 میں شایع ہوا ۔ ان کی نظموں کا مشہور مجموعہ "خواب خواب زندگی ” کو کئی اعزاز ملے ۔ ان کی رباعیوں کے کئی مجموعے بھی شایع ہوئے ۔ ایک تنقیدی کتاب ” حرف حرف تلاش” بھی شایع ہوئی ہے ۔ کئی برسوں تک انھوں روزانہ اخبار "آزاد ہند” میں سلسلہ وار قطعہ لکھتے رہے ۔ ان کی بچوں کے لئے نظمیں "تارے زمین پر” کافی مشہور ہیں ۔ ( وصی بختیاری)

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔