اقباؔل صفی پُوری
.
کوئی سمجھائے یہ کیا رنگ ہے میخانے کا
آنکھ ساقی کی اُٹھے نام ہو پیمانے کا
گرمئی شمع کا افسانہ سُنانے والو
رقص دیکھا نہیں تم نے ابھی پروانے کا
کس کو معلوم تھی پہلے سے خرد کی قیمت
عالمِ ہوش پہ احسان ہے دِیوانے کا
چشمِ ساقی مجھے ہر گام پہ یاد آتی ہے
راستہ بُھول نہ جاؤں کہیں میخانے کا
اب تو ہر شام گزرتی ہے اُسی کوچے میں
یہ نتیجہ ہُوا ناصح تِرے سمجھانے کا
منزلِ غم سے گزرنا تو ہے آساں اقبالؔ
عِشق ہے نام خود اپنے سے گزر جانے کا
.
اقباؔل صفی پُوری

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔