پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسلام میں شاعری کی حیثیت اور متعلقات شعر پر ایک تح…

اسلام میں شاعری کی حیثیت اور متعلقات شعر پر ایک تحقیقی نظر
حصہ سوم

یعنی شعراء میں سے وہ لوگ جو صاحب ایمان بھی ہیں اور اعمالِ صالحہ بھی کرتے ہیں وہ اس وعید کی زد میں نہیں، بلکہ وہ لوگ تو وذکروا اللہ کثیرا کی شان والے ہیں، جس کی تفسیر صاحبِ جلالیلن نے یوں کی۔ ای لم یشغلھم الشعر عن الذکر یعنی ان کو شعرو شاعری میں انہماک ذکرِ الہی سے غافل نہیں کر سکتا بلکہ وہ شعر گوئی کے ساتھ ساتھ عبادت الہی اور ذکرِ ربانی میں بھی مشغول رہتے ہیں اور اپنی شاعری میں بھی بقول تفسیرِ مدارک ذکر ہی کرتے ہیں۔
وذاکرو اللہ کثیرا ای کان ذکر اللہ و تلاوۃ القرآن اغلب علیہم من الشعر واذا قالوا شعرا قالوا فی توحید اللہ تعالیٰ والثناء علیہ والحکمۃ والموعظۃ والذھد والادب و مدح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم والصحابۃ وصلحاء الامۃ و نحو ذلک مما لیس فیہ ذنب ۔۔ الخ
ترجمہ: ان لوگوں کو شعر گوئی پر ذکر اللہ اور تلاوتِ قرآن غالب ہوتی ہے اور جب شعر کہتے ہیں تو اللہ تعالیٰ کی توحید اور حمد وثناء بیان کرتے ہیں۔ اپنے شعروں میں حکمت و دانائی، پندو نصیحت، دنیا کی بے ثباتی، دنیا سے بے رغبتی اور ادب و احترام کی تعلیم دیتے ہیں۔ رسول اکرم ﷺ ، صحابہ کرام اور صلحائے امت کی تعریف کرتے ہیں، اور شعروں میں گناہ کی بات یا گناہ پر برانگیختہ کرنے والی بات ہرگز نہیں کرتے۔
چناں چہ حضرتِ حسان بن ثابت، عبداللہ بن رواحہ اور حضرت کعب بن مالک رضوان اللہ علیہم اجمعین یہ تینوں اسلامی شاعر حضور ﷺ کے صحابی اس آیت کے نزول کے بعد روتے ہوئے بارگاہِ نبوی ﷺ میں حاضر ہوئے اور عرض کی اے آقائے دو جہاں ﷺ ! ہم بھی شاعر ہیں اور شاعروں کی مذمت میں یہ آیت نازل ہوئی ہے تو فانزل اللہ الا الذین آمنوا پس اللہ تعالیٰ نے آیات کا یہ حصہ نازل فرما کر ان کی تسلی کرا دی کہ جو شخص صاحب ایمان اور اعمال صالحہ والا ہے وہ اس کی زد میں نہیں آتا اور کتب تاریخ و رجال میں یہ حقیقت موجود ہے کہ چاروں خلفائے راشدین شاعر تھے۔ حضرت علی المرتضی ؓ تو سب سے اچھا شعر کہتے تھے بلکہ آپ کا دیوان بھی موجود ہے اور حضرت حسان ؓ کے لیے مسجدِ نبوی ﷺ میں منبر بچھایا جاتا تھا۔ حضورﷺ خود اشعار سنتے اور ان کے لیے دعا فرماتے۔ چناں چہ مشکوۃ شریف میں حدیث شریف کا یہ جملہ خصوصا قابل توجہ ہے۔
قال النبی ﷺ یوم قریظۃ لحسان بن ثابت اھج المشرکین فان جبرڑیل معک و کان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یقول لحسان اجب عنی اللھم ایدہ بروح القدس
ترجمہ: قریظہ کے دن رسول اللہ ﷺ نے حضرتِ حسان بن ثابت سے فرمایا تو کفار کی ہجو کر بے شک جبریل تیرے ساتھ ہے اور جنابِ رسول اللہ حضرت حسان سے فرماتے تھے میری طرف سے مشرکین کو جواب دو اور آپ ﷺ دعا فرماتے۔ اے اللہ! حسان کی روح القدس سے مدد فرمایا۔
آں حضرت ﷺ نے خود بھی اچھے اشعار سماعت فرمائے تھے اور سننے کی فرمائش بھی کی تھی۔ مشکوۃ شریف میں یہ حدیث شریف حضور ﷺ کے ذوق سماع اشعار کا پتہ دیتی ہے۔وعن عمرو بن الشرید عن ابیہ قال ردفت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یوما فقال ھل معک من شعر امیۃ بن ابی الصلت شیء قلت نعم قال ھیہ فانشدتہ بیتا فقال ھیہ ثم انشدتہ بیتا فقال ھیہ حتی انشدتہ مائۃ بیت۔ رواہ مسلم۔
ترجمہ: حضرت عمرو بن الشرید سے روایت ہے وہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں (ان کے والد کہتے ہیں) میں ایک دن جناب رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ایک ہی سواری پر آپ ﷺ کے ساتھ سوار تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا کیا تجھے امیہ بن ابی الصلت کا کوئی شعر یاد ہے؟ میں نے عرض کی جی ہاں۔ آپ ﷺ نے فرمایا لائیے(سناؤ) میں نے ایک شعر پڑھا۔ آپ نے فرمایا اور سناؤ میں نے اور شعر پڑھا۔ آپ نے فرمایا اور پڑھو حتی کہ میں نے ایک سو شعر سنائے اور آپ ﷺ نے سنے۔ حضرت لبید کے متعلق تو آپ ﷺ کا فرمان ہر صاحب مطالعہ شخص کے علم میں ضرور ہوگا چناں چہ مشکوۃ شریف میں یہ متفق علیہ حدیث حضرت ابو ہریرہ کی روایت سے موجود ہے
وعن ابی ہریرۃ قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اصدق کلمۃ قالھا الشاعر کلمۃ لبید
الا کل شیء ما خلا اللہ باطل
و کل نعیم لا محالۃ زائل
ترجمہ: حضرت ابو ھریرہ ؓ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ شعراء کی کہی ہوئی باتوں میں سے سب سے زیادہ سچی بات لبید کا یہ کلمہ(جملہ) ہے خبردار! اللہ کے سوا ہر شے فنا کے گھاٹ اترنے والی ہے اور ہر نعمت آخرِ کار ختم(زائل) ہونے والی ہے۔
معلوم ہوا کہ تمام شاعر اور سب اشعار برے نہیں، نہ یہ کام فی نفسہ برا ہے۔ بلکہ یہ حکمت و دانائی کی نعمت ہے جس کا اشارہ حکیمِ کائنات ﷺ نے ان من الشعر لحکمۃ سے فرما دیا۔ البتہ جو اس حکمت کی نعمت کو غلط استعمال کرے وہ یقینا ماخوذ اور گرفتارِ عذاب ہوگا جیسے کہ حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا۔
وقال عائشۃ رضی اللہ عنہا الشعر کلام فمنہ حسن و منہ قبیح فخذ الحسن ودع القبیح
یعنی شعر بھی ایک کلام ہے اور کلام اچھا بھی ہوتا ہے اور برا بھی، پس ان میں سے اچھا کلام(شعر) قبول کر لو اور برے کو چھوڑ دو( حاشیہ جلالین) اگر کچھ برے اشعار کی وجہ سے سب شاعروں اور شعروں کی برائی کرنا جائز ہے تو پھر ابو داؤد شریف کی یہ حدیث ہمیں کیا بتاتی ہے توجہ کیجیے۔
وعن صخر بن عبداللہ بن بریدۃ عن ابیہ عن جدہ قال سمعت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یقول ان من البیان سحرا و ان من العلم جھلا و ان من الشعر حکمۃ و ان من القول عیالا(رواہ ابو داؤد)
یعنی رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ بعض بیان جادو، بعض علم جہالت ، بعض شعر حکمت اور بعض باتیں بوجوہ ہوتی ہیں۔ لہذا وہ علم جسے جہالت کہا گیا وہ یقینا وہی علم مضر ہے بقول سعدی شیرازی ؒ
علمے کے راہِ حق نماید جہالت است
جیسا کہ علم منفی اور علم مضر کی وجہ سے مطلق علم کی فنی فضیلت نہیں کی جاسکتی۔ اسی طرح بری شاعری کی وجہ سے ہر شاعری کو برا نہیں کہا جا سکتا۔ ایک حدیث شریف بھی اسی مضمون کی دار قطنی نے روایت کی ہے۔
عن عائشۃ قالت ذکر عند رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم الشعر فقال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ھو کلام فحسنہ حسن و قبیحہ قبیح (رواہ الدار قطنی)
حضرت عائشہ روایت کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے شعر کا ذکر کیا گیا اس پر آپ ﷺ نے فرمایا وہ (شعر) بھی ایک کلام ہے پس اس کا اچھا اچھا ہے اور برا برا ہے۔
لہذا جو روایات شاعری کی مذمت میں آئی ہیں ان کا منشاء و مفاد اسی قدر ہے کہ بتوں کی پوجا، شہوانی خیالات آباء و اجداد پر فخر ومباہات اور جاہلانہ رسوم کی تعریف میں جو شعر کہے جائیں وہ قبیح ہیں اور جو شعر مضمونِ توحید و رسالت اور پند و موعظت پر مشتمل ہوں وہ اچھے ہیں انہیں کسی طرح برا نہیں کہا جا سکتا۔
ایک دانشور سے قرآن و حدیث اور اسلامی تعلیمات کے پس منظر میں شاعری پر بحث چھڑ گئی۔ آخر جب ان پر معقول دلائل کی تمام راہیں مسدود ہو گئیں تو انہوں نے حضرت امام شافعیؒ کا یہ شعر سنا دیا کہ اگر شاعری کوئی فعلِ مستحسن ہوتا تو وہ یوں نہ کہتے
ولو لا الشعر بالعماء یذری
لکنت الیوم اشعر من لبید
کہ اگر شعر گوئی علماء کے لیے موجبِ عیب نہ ہوتی تو میں آج لبید سے بھی بڑا شاعر ہوتا۔ میں نے کہاکہ آپ یہ شعرپیش کر کے یہی ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ حضرت امام شافعی نے شعر گوئی کو علماء کے شایانِ شان قرار نہیں دیا اور یہ کہ شعر گوئی ایک امر قبیح ہے ۔ بولے ہاں میں نے کہا کہ یہ نکتہ میری سمجھ میں نہیں آیا کہ امام شافعیؒ یہ بات نثر میں بھی تو کہہ سکتے تھے، آخر شعر میں کیوں کہی؟ اگر ان کے نزدیک شعر کی کوئی اہمیت نہ تھی تو اس کا سہارا کیوں لیا۔ بات نثر میں کیوں نہ کہہ دی؟ اس سے تو شعر گوئی کی اہمیت کا ثبوت ملتا ہے اور پھر جب یہ شعر امام شافعی ؒ نے کہا تو انہوں نے اپنے قائم کردہ اصول(کہ شاعری علماء شایانِ شان نہیں) کے خلاف کیا۔ گویا یہ شعر کہتے ہوئے انہوں نے اپنے ہی مرتبۂ علمی کو نظر انداز کر دیا۔ وہ نثر میں یہ فرما دیتے کہ اگرچہ میں شعر کہہ سکتا ہوں مگر میں اس لیے نہیں کہتا کہ یہ کام علمائے دین کے شانِ علم کے منافی ہے ، لیکن تاریخ سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ انہوں نے بے شمار شعر کہے۔ بلکہ ان کے نام سے ایک عربی دیوان بھی منسوب ہے اور ان کے درجہ ذیل دو شعرتو اس قدر مشہور ہیں کہ شاید ہی کوئی صاحب علم و ادب شخص ان سے ناآشنا ہو
یا اھل بیت رسول اللہ حبکم
فرض من اللہ فی القرآن انزلہ
لوکان رفضا حب آل محمد
فلیشھد الثقلان انی رافض
میرا تجزیہ سن کر وہ خاموش ہو گئے۔
مسندِ احمد میں ایک حدیث وارد ہے کہ ان من البیان لسحرا و ان من الشعر لحکمۃ کہ بعض بیانوں میں جادو اور بعض اشعار میں حکمت ہوتی ہے چوں کہ حضور علیہ السلام خود افصح العرب والعجم ہیں اور آپ کی زبانِ معجز بیان سے نکلا ہوا ہر جملہ فصاحت و بلاغت کا عظیم ترین شاہکار ہے اس لیے آپ نے بیان کو جادو اور شعر کو حکمت سے تعبیر فرمایا:حدیثِ ٘مذکورہ سے ثابت ہوا کہ آپ بیان کی ساحری اور شعر میں دانائی کو پسند فرماتے تھے۔
علاوہ ازیں دور جاہلیت کے ایک بہت بڑے فصیح و بلیغ خطیب کی تعریف بھی آپ نے فرمائی۔ اس خطیب کا نام قس بن ساعدۃ الایادی تھا۔ طائف میں عکاظ کا میلہ ہر سال لگتا تھا۔ تمام فصحائے عرب وہاں جمع ہو کر اپنے اپنے جوہر دکھاتے۔ حضور علیہ السلام کا ابتدائی دور تھا۔ آپ بھی اس میلے میں تشریف لے گئے، جب قس بن ساعدہ الایادی کی باری آئی اور اس نے خطاب شروع کیا تو حضور ﷺ سامعین میں تشریف فرما تھے۔ حدیث شریف میں قس بن ساعدہ کے خطاب کا ذکر موجود ہے اور آپ نے اس کے لیے رحم اللہ قسا کے الفاظ بھی فرمائے، خطیب موصوف نے اپنے خطبے میں بے ثباتی دنیا کا ذکر کیا۔
یہ کوئی ایسا موضوع نہ تھا، جسے پہلی بار بیان کیا گیا ہو، مگر قس بن ساعدہ نے الفاظ کے سہارے اس مضمون کو کیا بیان کیا، گویا الفاظ کو نگینوں کی طرح جملوں میں جڑ دیا۔ حضور ﷺ اگرچہ اس وقت کم عمر تھے۔ مگر بیان کی فصاحت اور زبان کی بلاغت کو سمجھنے کے خداداد جوہر بہ تمام و کمال آپ کی طبیعت مبارک میں موجود تھے۔ یہاں ہم قس بن ساعدہ الایادی کے اس خطبے کو ترجمہ کے ساتھ نقل کرتے ہیں۔ تاکہ قارئین کو اندازہ ہو کہ محض ٹوٹے پھوٹے الفاظ میں بات کہہ لینا خطاب نہیں کہلاتا، بلکہ معمولی سی بات کو سلیقے اور فصاحت و بلاغت کے میزان پر تول کر بیان کرنا بیان کا جادو کہلاتا ہے۔ جس کا اعلی ترین ثبوت قرآنِ مجید اور اس کے بعد حضور علیہ السلام کی قولی احادیث جن جوامع الکلم بھی کہا گیا ہے۔
قس بن ساعدہ کا وہ خطبہ جو حضور ﷺ نے بچپن میں سنا اور اس کی تعریف فرمائی۔
اقتباس:
قدیم ادب عربی کی کتب میں قس کا خطبہ ان الفاظ میں درج کیا گیا ہے۔
ایھا الناس اسمعوا وعوا، انہ من عاش مات و من مات فات، وکل من ھو آت آت، لیل داج و نھار ساج، و سماء ذات ابراج، و نجوم تزھر و ابحار تزخر و جبال مرساۃ و ارض مدحاۃ و انھار مجراۃ ان فی السماءلخیرا، و ان فی الارض لعبرا، ما بال الناس یذھبون ولا یرجعون؟ ارضو فاقاموا، ام ترکوا فناموا؟ یا معشر ایاد این الاباء والاجداد، واین الفراعنۃ الشداد؟ الم یکونوا اکثر منکم مالا و اطول آجالاِ طحنھم الدھر بکلکلہ، و مزقھم بتطاولہ۔
ترجمہ: (عکاظ کے میلے میں تقریر کرتے ہوئے اس نے کہا) اے لوگو! سنو اور یاد رکھو، جو زندہ ہے وہ مرے گا جو مرے گا وہ دنیا سے چلا جائے گا، جو کچھ ہونے والا ہے وہ تو ہو کر رہے گا، یہ تاریک رات، یہ روشن دن، یہ برجوں والا آسمان، یہ چمکنے والے تارے، یہ موجیں مارنے والے سمندر، یہ جمے ہوئے پہاڑ، یہ پھیلی ہوئی زمین، یہ بہتے ہوئے دریا، شاہد ہیں کہ یقینا آسمان میں کوئی خاص قوت ہے اور زمین میں عبرتیں ہیں، آخر یہ لوگ کہاں چلے جاتے ہیں کہ پھر وہاں سے واپس نہیں آتے؟ کیا وہاں رہنے پر رضامند ہو گئے؟ یا پھر دنیا چھوڑ کر سو گئے؟ اے خاندانِ ایاد! تمہارے آباء و اجداد کدھر گئے؟ ان ظالم فراعنہ کا کیا حشر ہوا؟ کیا مال و دولت میں وہ تم سے بڑھ چڑھ کر نہ تھے؟ کیا ان کی عمریں تمہاری عمروں سے زیادہ لمبی نہیں ہوتی تھیں؟ زمانہ نے سب کو حوادث کی چکی میں پیس ڈالا اور ان کی جمعیتوں کو پارہ پارہ کردیا۔
آپ نے دیکھا کہ دورِ جاہلیت کے خطباء کا مرتبۂ کلام کیا تھا۔ جس طرح بعض لوگوں کی گفتگو میں قدرتی طور پر تاثیر ہوتی ہے کہ وہ بات کریں تو دیر تک ان کی گفتگو سننے کو جی چاہتا ہے۔ اس کے لیے انسان کا علم فاضل ہونا ضروری نہیں ہوتا۔ چناں چہ ہماری نظر سے دیہاتوں کے بعض ایسے غیر تعلیم یافتہ لوگ بھی گزرے اور گزرتے ہیں کہ وہ اپنی مادری زبان میں اس قدر فصیح و بلیغ گفتگو کرتے ہیں اور پھر ان کی گفتگو میں اس قدر جاذبیت ہوتی ہے کہ ایک زبان و ادب کا باذوق سامع ان کی گفتگو اور اندازِ کلام میں کھو کر رہ جاتا ہے۔ الفاظ کا بر محل استعمال، لہجے کا حسن، ضرب الامثال، محاورات اور روزمرہ میں تراشے ہوئے فقروں کا لبھاؤ، ان کا دانائی سے بھرپور اور پرمغز خطاب انسان کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیتا ہے اس کے برعکس نظر سے ایسے ایسے تعلیم یافتہ اور عالم و فاضل حضرات بھی گزرتے ہیں کہ انتہائی بھدی گفتگو کرتے ہیں۔ علمی فضیلت کےباوجود نہ ان کی گفتگو میں تاثیر ہوتی ہے اور نہ جاذبیت، جی چاہتا ہے کہ وہ سلسلہ کلام بند کر دیں تو ان کی نوازش ہوگی۔ نہ کوئی لہجہ، نہ کوئی الفاظ کے چناؤ کا شعور، نہ خوبصورت جملے نہ ادائیگی کا حسن، نہ زبان، نہ محاورہ، اور نہ روزمرہ کے استعمال کی استطاعت۔ یہی حال ہمارے اکثر خطباء کا ہے۔ ان میں اکثر رٹی رٹائی تقریروں کے عادی ہوتے ہیں۔ غیر مستند واقعات، بعض خلافِ عقل و نقل باتیں اور چند غیر معیاری اشعار ان کے خطابات کا محور ہوتے ہیں، پھر ستم یہ کہ اشعار بھی اکثر بے وزن پڑھتے ہیں۔ اور پڑھنے کا انداز ایسا بے مزہ اور پھیکا کہ اگر اتفاقا وہاں خود شاعر بھی بیٹھا سن رہا ہو تو مارنے مرنے پر تل جائے اور پکار اٹھے ان ھذا لظلم عظیم قدیم خطبائے عرب جو خطبے دیا کرتے تھےان کا مقصد اہل زبان پر اپنی زبان دانی ثابت کرنا اور ان پر علمی و لسانی دھاک جمانا ہوتا تھا۔ وہ اپنے خطابات پر اجرت نہیں لیا کرتے تھے۔ حالاں کہ ان کے خطبات مذہبی اور دینی قسم کے نہیں ہوتے تھے کہ ان میں اثر آفرینی کے عناصر بھی ہوتے۔ اس کے برعکس ہمارے ہاں قرآن و حدیث کے مفاہیم کی چاشنی، الفاظ کی غیر معمولی جاذبیت اور عقیدت و محبت کی بناء پر وہ سامانِ ذوق مہیا ہوتا ہے کہ اگر مسلمان خطباء دنیوی حرص و ہوا کو کچھ دیر کے لیے چھوڑ کر پوری عقیدت، خلوص اور تیاری سے خطابت کرتے تو یقینا دلوں کی دنیا بدل کر رکھ دیتے۔ بقول علامہ سیمابؒ
خلوص دل سے جو سجدہ ہو اس سجدے کا کیا کہنا
وہیں کعبہ سرک آیا جبیں میں نے جہاں رکھ دی
مگر آج کل ہوتا یہ ہے کہ خطیب صاحب نے موقع و محل کے مناسب چند تمہیدی جملے کہے، پھر اپنی زبان دانی کے جوہر دھا کر سامعین کو مرعوب کرنا چاہا، اس دوران کئی غلط سلط باتیں بھی کہہ گزرے، چوں کہ ایسے خطبات میں للہیت اور خلوص نام کو نہیں ہوتا، اس لیے سامعین مجبوراً سن تو لیتے ہیں اور وقتی داد و تحسین سے بھی نواز دیتے ہیں، مگر ان کے قلوب پر نہ کوئی اثر پڑتا ہے، نہ آنکھ میں کوئی اشک نسبت چمکتا ہے اور نہ انابتِ الی اللہ پیدا ہوتی ہے۔ دوسرے اسباب کے علاوہ اس کے دو بنیادی سبب یہ ہیں۔ ایک خلوص کا فقدان اور دوسرا علم و بیان میں نا پختگی۔ عربی ادب میں حضرت پیران پیر الشیخ سید عبدالقادر جیلانی کے مواعظ کی دھوم ہے، حالاں کہ حضرت شیخ کی مادری زبان فارسی تھی اور ایران کے صوبہ گیلان میں ایک غیر معروف گاؤں بشتیر میں پیدا ہوئے۔ عجمی ہونے کے باوجود انہیں اپنی زبان فارسی کے علاوہ عربی پر اس قدر ید طولی حاصل تھا کہ مستند مورخین کے مطابق جب وہ منبر پر بیٹھ کر اپنا وعظ شروع کرتے تو کم از کم ستر ہزار کا مجمع ہوتا، اردگرد کھڑے لوگ یوں لگتے، جیسے شہر کے گردا گرد فصیل کھینچ دی گئی ہو۔ ان کے ایک ایک جملے پر اکثر لوگ بے ہوش ہوجاتے، کئی کئی لوگوں پر وجد کا عالم طاری ہوجاتا اور بعض روایات کے مطابق کئی لوگوں کے جنازے اٹھ جاتے۔ خوش عقیدہ لوگ تو اسے حضرت شیخ کی کرامت کہیں گے۔ مگر یہ محض کرامت نہیں، بلکہ یہ ایک مرد مومن کی اس زبانِ حق ترجمان کا اثر ہے جو اخلاص، بے ریائی اور للہیت کے مقامِ اعلی سے سخن ریز ہوتی ہے اور جس کا رشتۂ تاثیر صاحبِ لسان وحی سے جا ملتا ہے۔ اور بلاشبہ وہ زبان لسان الفقراء سیف اللہ کی مصداق ہوجاتی ہے اور یہ مقام کرامت سے بھی بلند ہے۔ کیوں کہ انبیاء علیہم السلام کی گفتگو میں اگرچہ قدرتی طور پر ایجاز و اعجاز تھا۔ مگر وہ ہر وقت اور بلا ضرورت اپنے معجزات کا اظہار نہیں فرمایا کرتے تھے۔ حالانکہ وہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک مخصوص اور منصوص عہدے پر فائز تھے۔ لہذا یہ کہنا کہ صوفیائے کرام خطابات میں اپنی کرامات کا اظہار فرمایا کرتے تھے، یہ نقطۂ نظر قرینِ حقیقت نہیں، بلکہ یہ کہنا چاہیے کہ چوں کہ وہ کمالِ اخلاص سے موضوعاتِ دینیہ پر کلام فرماتے تھے، لہذا اللہ تعالیٰ ان کے ہر جملے میں وہ تاثیر بھر دیتا کہ سامعین کے قلوب تسخیر کر لیتے تھے۔ چوں کہ بیان اور اسلوب بیان کا ذکر چلا تھا۔ اس لیے نثر و نظم کے علاوہ اہل ادب کی گفتگو اور خطابات پر بھی ضمنا بحث کی گئی، تاکہ قارئین زبان و بیان کی اہمیت کو سمجھ سکیں اور پھر یہ اندازہ بھی لگائیں کہ ایک جاندار شعر کہنا کس قدر مشکل کام ہے، ڈھکوسلے سے کام لیتے ہوئے دو مصرعے کہہ لینا اور بات ہے اور زندۂ جاوید شعر کہنا بالکل اور بات۔ اکثر یہ دیکھا گیا کہ جب ایک نامور شاعر کی عزت و شہرت دیکھنا برداشت سے باہر ہو جاتی ہے تو کم علم حاسدین معاشرے میں خود کو بڑا ثابت کرنے کے شوق میں تک بندی شروع کر دیتے ہیں یا پھر کسی اچھے شاعر سے رابطہ قائم کر لیتے ہیں، جو ان کو شعر کہہ دیتا ہے اور وہ اسے اپنے نام سے منسوب کر کے شائع کر دیتےیا محفلوں میں پڑھواتے ہیں تاکہ لوگ ان کو بھی کسی کھاتے میں سمجھیں۔ مگر ایسی شاعری اور شاعروں کی حیاتِ شعری بہت ہی مختصر ہوا کرتی ہے اور ہر ذی شعور انسان جانتا ہے کہ فلاں شخص شعر کہہ بھی سکتا ہے یا نہیں، کسی کا اچانک شاعر بن کر سامنے آجانا کوئی ادبی کرامت نہیں ہوتی بلکہ اس کی اپنی عزت کی شامت ہوتی ہے۔ ایسے دھوکہ بازوں کا اصلی چہرہ سامنے لانے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ انہیں بحر اور زمین کے علاوہ قافیہ و ردیف دے کر کہا جائے کہ وہ سب کے سامنے بیٹھ کر شعر کہیں، وقت مقرر کیا جائے۔ کم از کم سات شعر ایک گھنٹے ہی میں کہہ کر دکھا دیں، یا انہیں نعتیہ یا غزلیہ مشاعرے میں دعوت دی جائے، اس طرح جب وہ اساتذہ سخن کے درمیان بیٹھ کر اپنا کلام سنائیں گے تو ماہرینِ سخن نہ صرف ان کی چوری پکڑ لیں گے، بلکہ ان کو وہیں ٹھنڈا بھی کر دیں گے، جس سے اصل اور نقل کا فرق واضح ہو جائے گا۔
سید نصیر الدین نصیر گیلانی
جاری ہے