اسد بھوپالی کی پیدائش
Jul 10, 1921
اسد بھوپالی 10 جولائی، 1921ء کوریاست بھوپال، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام اسد اللہ خان تھا اور والد کا نام منشی احمد خان تھا اور وہ ان کے سب سے بڑے بیٹے تھے۔ انہوں نے فارسی، عربی، اردو اور انگریزی میں رسمی تعلیم حاصل کی۔ وقت کے ساتھ لوگ انہیں ان کے قلمی نام اسد بھوپالی کے نام سے جاننے لگے۔ 28 برس کی عمر میں وہ ممبئی چلے آئے جہاں وہ فلمی نغمہ نگار بن گئے۔ اس دور میں فلمی نغمہ نگاری کے میدان میں خمار بارہ بنکوی، جانثار اختر، راجندر کرشن، ڈی۔ این۔ مدھوک اور پریم دھون جیسے شاندار گیت نگار اپنے فن کا لوہا منوا چکے تھے۔ اس کے علاوہ فلمی صنعت میں بڑے گیت نگار مجروح سلطانپوری، شکیل بدایونی، حسرت جے پوری اور شیلندر بھی موجود تھے لیکن یہ اسد بھوپالی نے ان حالات میں اپنی فنی صلاحیتوں کو منوایا اور اپنی ایک الگ شناخت بنانے میں کامیاب ہوئے۔ وہ بھوپال کے پہلے شاعر تھے جو فلمی صنعت سے وابستہ ہوئے۔ 1949ء میں جب وہ ممبئی آئے تو وہاں کے فضلی برادرز فلم دنیا بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ آرزو لکھنوی نے اس فلم کے دو گیت لکھے اور پھر وہ پاکستان منتقل ہو گئے۔ فضلی برادرز اب آرزو لکھنوی کی جگہ کسی اور نغمہ نگار کی تلاش میں تھے جو انہیں فلم کے باقی ماندہ گیت لکھ کر دے۔ قسمت نے یاوری کی اور اسد بھوپالی کو اس فلم کے دو نغمات لکھنے کا موقع مل گیا۔ ان میں سے ایک گیت رونا ہے تو چپکے چپکے رو، آنسو نہ بہا، آوازنہ دے جسے محمد رفیع نے گایاجبکہ دوسرا گیت ارمان لٹے دل ٹوٹ گیا، دکھ درد کا ساتھی چھوٹ گیا ثریا نے گایا۔ اس فلم کی موسیقی سی رام چندر کی تھی۔ اسد بھوپالی کے دونوں گیت سپر ہٹ ثابت ہوئے۔ 1950ء میں انہیں فلم آدھی رات کے دو گیت لکھنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد اسد بھوپالی کو بی آر چوپڑہ کی مشہور فلم افسانہ کے گیت لکھنے کے لیے کہا گیا۔ فلم افسانہ سپر ہٹ ثابت ہوئی اور اس کے نغمات نے بھی بہت شہرت حاصل کی۔ اس فلم کے چھ گیت اسد بھوپالی نے تحریر کیے تھے۔ اس کی فلم کا موسیقی حسن لال بھگت رام نے ترتیب دی تھی۔ افسانہ کے گیت لتا، شمشاد بیگم اور مکیش نے گائے جو عوام میں بے حد مقبول ہوئے۔ اسد بھوپالی کے پارس منی کے لیے لکھے گئے گیتوں نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے خاص کروہ جب یاد آئے بہت یاد آئے گیت نے بہت مقبولیت حاصل کی۔ پھر استادوں کے استاد میں ان کے لکھے ہوئے گیتوں کو روی نے اپنی موسیقی میں اتنے شاندار طریقے سے ڈھالا کہ یہ گیت بھی امر ہو گئے۔ استادوں کے استاد میں محمد رفیع کا گایا ہوا یہ گیت سو بار جنم لے لیں گے، سو بار فنا ہوں گے آج بھی مسحور کر دیتا ہے۔ ۔ دل دیوانہ بن سجنا کے مانے نہ پر اسد بھوپالی کو فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 1990ء کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے اسد بھوپالی کو بلایا گیا لیکن بیماری کے باعث وہ تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔
جون 1990ء کو جب ان کا انتقال ہوا تو لوگوں کو فلم ’’موتی محل‘‘ میں ان کا لکھا ہوا یہ گیت بہت یاد آیا: جائے گا جب یہاں سے کچھ بھی نہ ساتھ ہو گا دو گز کفن کا کپڑا تیرا لباس ہو گا

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔