پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد ندیمؔ قاسمی لب پہ جب اُس کے پَلٹنے کی دُعا آ…

احمد ندیمؔ قاسمی

لب پہ جب اُس کے پَلٹنے کی دُعا آتی ہے
اِک دِیا دِل کے دَرِیچے میں جَلا آتی ہے

جب اُترتی ہیں مِرے دِل میں پُرانی یادیں
کتنی بِچھڑی ہُوئی کوُنجوں کی صدا آتی ہے

سوچتا ہُوں کہ کہیں قیس نہ ہو گریہ کُناں
بِھیگی بِھیگی سی جو، صحرا سے ہَوا آتی ہے

میرے باطن میں کوئی قافلہ ہے محوِ سَفر
سانس لیتا ہُوں، تو آوازِ درا آتی ہے

اِس حوالے سے، کہ شہ پارۂ تخلیق ہے وہ
مُجھ کو اِنسان سے خُوشبوُئے خُدا آتی ہے

نَوعِ اِنساں کے تقدّس کی ہے سوگند ندیمؔ !
اپنے دُشمن سے بھی، اب مُجھ کو حَیا آتی ہے

احمد ندیمؔ قاسمی