پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد فراز کی پیدائش Jan 12, 1931 پاکستان کے نامور…

احمد فراز کی پیدائش
Jan 12, 1931

پاکستان کے نامور شاعر احمد فراز کا اصل نام سید احمد شاہ تھا اور وہ 12 جنوری 1931ء کو نوشہرہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد سید محمد شاہ برق کوہاٹی فارسی کے ممتاز شاعروں میں شمار ہوتے تھے۔
احمد فراز نے اردو، فارسی اور انگریزی ادب میں ایم اے کیا اور ریڈیو پاکستان سے عملی زندگی کا آغاز کیا۔ بعدازاں وہ پشاور یونیورسٹی سے بطور لیکچرار منسلک ہوگئے۔ وہ پاکستان نیشنل سینٹر پشاور کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر، اکادمی ادبیات پاکستان کے اولین ڈائریکٹر جنرل اور پاکستان نیشنل بک فائونڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدوں پر بھی فائز رہے۔

25 اگست 2008ء کو احمد فراز اسلام آباد میں وفات پاگئے۔
احمد فراز اسلام آباد کے مرکزی قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔
ان کا ایک شعر ملاحظہ ہو

:شکوئہ ظلمت شب سے تو کہیں بہتر تھا
اپنے حصے کی کوئی شمع جلاتے جاتے
…..
سِلسِلے توڑ گیا وہ سبھی جاتے جاتے
ورنہ اِتنے تو مراسم تھے کہ آتے جاتے​

شِکوہء ظُلمتِ شب سے تو کہیں‌ بہتر تھا
اپنے حِصّے کی کوئی شمع جلاتے جاتے​

کِتنا آساں تھا تِرے ہِجر میں مرنا جاناں
پِھر بھی اِک عُمر لگی جان سے جاتے جاتے​

جشنِ مقتل ہی نہ برپا ھُوا ورنہ ہم بھی
پابَجَولاں ہی سہی ناچتے گاتے جاتے​

اُس کی وہ جانے اُسے پاسِ وفا تھا کہ نہ تھا
تُم فرازؔ اپنی طرف سے تو نِبھاتے جاتے​۔۔۔!