احمد فرازؔ
.
وہ دشمنِ جاں جان سے پیارا بھی کبھی تھا
اب کِس سے کہیں کوئی ہمارا بھی کبھی تھا
اُترا ہے رگ و پے میں، تو دِل کٹ سا گیا ہے
یہ زہرِ جُدائی کہ گوارا بھی کبھی تھا
ہر دوست، جہاں ابرِ گریزاں کی طرح ہے !
یہ شہر، یہی شہر ہمارا بھی، کبھی تھا
تتلی کے تعاقب میں کوئی پُھول سا بچّہ !
ایسا ہی کوئی خواب ہمارا بھی کبھی تھا
اب اگلے زمانے کے ملیں لوگ، تو پُوچھیں!
جو حال ہمارا ہے، تمھارا بھی کبھی تھا ؟
ہر بزم میں ، ہم نے اُسے افسُردہ ہی دیکھا
کہتے ہیں، فراؔز انجُمن آرا بھی، کبھی تھا
.
احمد فرازؔ

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔