پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد فراؔز . ” مَیں اور تُو ” . روز جب دُھوپ پہاڑو…

احمد فراؔز
.
” مَیں اور تُو ”
.
روز جب دُھوپ پہاڑوں سے اُترنے لگتی
کوئی گھٹتا ہُوا بڑھتا ہُوا بیکل سایہ
ایک دِیوار سے کہتا کہ مِرے ساتھ چلو
.
اور زنجیرِ رفاقت سے گُریزاں دِیوار
اپنے پندار کے نشے میں سدا اِستادہ
خواہشِ ہمدمِ دِیرِینہ پہ ہنس دیتی تھی
.
کون دِیوار، کسی سائے کے ہمراہ چلی
کون دِیوار، ہمیشہ مگر اِستادہ رہی
وقت دِیوار کا ساتھی ہے نہ سائے کا رفیق
.
اور اب سنگ و گُل و خشت کے ملبے کے تَلَے
اُسی دیوار کا پِندار ہے ریزہ ریزہ
دُھوپ نِکلی ہے، مگر جانے کہاں ہے سایہ
.
احمد فراؔز